قومی رابطہ کمیٹی کورونا وائرس سے متعلق حکمت عملی کا اعلان کل کریگی،اسد عمر

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا ہے کہ قومی رابطہ کمیٹی کا چھٹا اجلاس کل ہوگا جس میں کورونا وائرس سے  متعلق حکمت عملی کا اعلان کیاجائیگا۔

آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آئندہ اجلاس میں کورونا وائرس پر قابو پانے سے متعلق حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی ، انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو لاک ڈاؤن کی مدت اور دیگر تفصیلات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ نیشنل کمانڈ سینٹر میں حکام روزانہ کی بنیاد پر میٹنگز کریں گے ۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ کورونا وائرس عالمی مسئلہ ہے اورپاکستان بھی اس وبائی مرض کے خلاف جنگ لڑرہا ہے۔

لاک ڈاؤن پر تبصرہ کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اگر ہم لاک ڈاؤن اور پابندیوں سے گریز کرتے ہیں تو پھر ناول کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کاخطرہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت ٹھوس حکمت عملی کے ذریعے شہریوں میں بھوک اور افلاس کے خاتمے کے حل کے بارے میں غور کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ نے 1200 ارب کے کورونا وائرس امدادی پیکیج کی منظوری دے دی

اسد عمر نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے 50 ارب روپے کے فنڈز دیئے گئے ہیں ، وفاقی حکومت دور دراز علاقوں میں مقیم شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مزید اقدامات کررہی ہے۔

آٹے کی قلت پر تبصرہ کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے آٹے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں آٹے کی کمی نہیں ہے اور لوگوں کو ضروری سامان ذخیرہ کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس کی اسکریننگ کے لئے لیبارٹریوں کی تعداد کو پورے ملک میں بڑھا کر 32 کردیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 15 اپریل تک پاکستان کورونا کی جانچ کی صلاحیت مزید بڑھائے گا۔