نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے وفد نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کی قیادت سینئر سیاستدان محمود مولوی نے کی، جبکہ وفد میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، فواد چوہدری، محمد علی درانی، عامر کیانی، ڈاکٹر وسیم شہزاد، عباس جعفری اور بیرسٹر سیف شامل تھے۔ ملاقات میں وفد نے ملک میں جاری سیاسی بے یقینی اور عام شہری پر پڑنے والے مہنگائی کے بڑھتے ہوئے بوجھ پر کھل کر گفتگو کی۔
وفد کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے میں قائدانہ کردار ادا کریں تاکہ ایک مضبوط، منظم اور مؤثر اپوزیشن تشکیل دی جا سکے۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اس وقت پاکستان کو ایک ایسی ذمہ دار اپوزیشن کی ضرورت ہے جو نہ صرف بدعنوانی اور معاشی بدانتظامی کے خلاف آواز بلند کرے بلکہ جمہوری اقدار کے تحفظ اور عوامی مفادات کے دفاع میں بھی فعال کردار ادا کرے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور مختلف سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال جاری رہا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








