کراچی میں امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہونے لگی ہے، جہاں عام شہریوں کے بعد اب اعلیٰ سرکاری افسران بھی مبینہ طور پر اغوا کے واقعات کا سامنا کر رہے ہیں۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد جنجھی کے لاپتا ہونے پر اہلخانہ نے سندھ پولیس سے رجوع کرلیا ہے اور ان کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
اہلخانہ کی جانب سے سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو کو دی گئی درخواست کے مطابق فیاض احمد جنجھی 20 جولائی کی شام تقریباً ساڑھے 6 بجے سے لاپتا ہیں۔
درخواست میں بتایا گیا کہ اہلخانہ نے ان سے مسلسل رابطے کی کوشش کی، تاہم ان کا موبائل فون بند ملا۔ بعد ازاں نادرا دفتر سے معلوم ہوا کہ فیاض احمد جنجھی پیر کی شام تقریباً 6 بجے عائشہ منزل میں واقع دفتر سے روانہ ہوئے تھے، لیکن گھر نہیں پہنچے۔
اہلخانہ کے مطابق فیاض احمد جنجھی کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، اس لیے پولیس فوری طور پر گمشدگی کا مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش اور بازیابی کے لیے اقدامات کرے۔
فیاض احمد جنجھی کے بڑے بھائی ریاض سہیل کے مطابق سندھ آئی جی پولیس نے معاملہ سینٹرل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس عمران خان کے سپرد کر دیا ہے۔
دوسری جانب ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے بھی نادرا افسر کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری اور بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








