ہالی ووڈ کے معروف ہدایتکار اور اداکار راب رینر (Rob Reiner )، عمر 78 سال اور ان کی اہلیہ مشیل سنگر رینر (Michelle Singer Reiner)، عمر 67 سال، اتوار کی دوپہر اپنے برینٹ ووڈ لاس اینجلس میں واقع گھر میں مردہ پائے گئے۔
لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اسے ایک مشتبہ واقعہ قرار دیتے ہوئے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں اور کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔
ذرائع کے مطابق جوڑے کی لاشیں ایک قریبی اہلِ خانہ نے دریافت کیں جس کے بعد ایمرجنسی نمبر 911 پر اطلاع دی گئی۔ لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کو دوپہر تقریباً 3 بج کر 38 منٹ پر طبی امداد کی کال موصول ہوئی جبکہ پولیس تقریباً 3 بج کر 40 منٹ پر جائے وقوعہ پر پہنچی۔
امریکی میڈیا اداروں بشمول پیپل میگزین، ٹی ایم زیڈ، ویریٹی اور ڈیڈ لائن نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا ہے کہ واقعہ چاقو کے وار سے پیش آیا تاہم اس حوالے سے سرکاری طور پر تاحال کوئی تفصیلی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
ان ہی رپورٹس میں یہ غیر مصدقہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ جوڑے کے بیٹے نک رینر، عمر 32 سال اس معاملے میں زیرِ تفتیش ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نک رینر ماضی میں منشیات کی لت اور بے گھری جیسے مسائل کا سامنا کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ سال 2015 میں راب رینر نے اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر فلم بینگ چارلی بنائی تھی جو ایک نوجوان کی منشیات سے نجات کی جدوجہد پر مبنی تھی۔
لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ نے واضح کیا ہے کہ تاحال نہ تو کسی مشتبہ شخص کی باضابطہ شناخت کی تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی کسی گرفتاری کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایل اے پی ڈی کے ڈپٹی چیف ایلن ہیملٹن نائب پولیس سربراہ) نے پریس کانفرنس میں کہا کہ فی الحال کسی پرزن آف انٹرسٹ کا نام سامنے نہیں لایا جا رہا اور تحقیقات جاری ہیں۔
فیملی کا بیان:
رینر فیملی کے ترجمان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں گہرے دکھ کے ساتھ مشیل اور راب رینر کی اچانک موت کی خبر دینا پڑ رہی ہے۔ یہ ایک ناقابلِ برداشت صدمہ ہے اور ہم اس مشکل وقت میں خاندان کے لیے پرائیویسی کے احترام کی درخواست کرتے ہیں۔
تعزیتوں کا سلسلہ
خبر سامنے آنے کے بعد سیاستدانوں، اداکاروں اور ہالی ووڈ شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات موصول ہوئے۔ سابق امریکی صدر باراک اوباما اور مشیل اوباما (Michelle Obama) نے کہا کہ راب اور ان کی اہلیہ مشیل کی مبینہ المناک موت کی خبر سن کر دل گرفتہ ہیں۔ راب نے فلم اور ٹیلی وژن میں یادگار خدمات انجام دیں۔”
سابق نائب صدر کمالہ ہیرس نے کہا کہ یہ ایک دل دہلا دینے والا نقصان ہے۔ راب رینر نے فن اور سماج دونوں میں گہرا اثر چھوڑا۔
کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے کہا کہ یہ کیلیفورنیا اور فلمی دنیا کے لیے ایک افسوسناک لمحہ ہے۔
لاس اینجلس کی میئر کیرن باس نے بھی واقعے کو شہر کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔
فنی خدمات
راب رینر کو مشہور ٹی وی سیریز (آل اِن دی فیملی ) میں میٹ ہیڈ کے کردار اور فلموں دی پرنسس برائیڈ، وین ہیری میٹ سیلی اے فیو گڈ میناور دس اِز اسپائنل ٹیپ کی ہدایتکاری کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ وہ سیاسی اور سماجی معاملات میں بھی سرگرم رہے۔
پولیس حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں جبکہ موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔













گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








