وفاقی بجٹ 26-2025 میں متعارف کردہ نئے ٹیکسوں اور نیو انرجی وہیکل لیوی کے بعد پاکستان میں موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے کہ اس بار قیمتوں میں اضافے کا آغاز یاماہا اور یونیک کمپنیوں نے کیا ہے، جن کی نئی قیمتیں یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہو چکی ہیں۔
یاماہا موٹر پاکستان نے اپنے تمام ماڈلز کی قیمتیں ازسرِنو مقرر کی ہیں۔ YB125Z (ریڈ/بلیک) اب 4 لاکھ 29 ہزار روپے میں دستیاب ہے، جس میں 65,441 روپے سیلز ٹیکس اور 4,057 روپے نیو انرجی لیوی شامل ہے۔
YB125Z DX (ریڈ/بلیک/گرے) کی نئی قیمت 4 لاکھ 59 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
YBR125 (ریڈ/گرے/بلیک) اب 4 لاکھ 71 ہزار 500 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
YBR125G (بلیک) کی قیمت 4 لاکھ 90 ہزار 500 روپے ہو گئی ہے، جب کہ میٹ فنش ماڈل 4 لاکھ 93 ہزار 500 روپے کا ہو چکا ہے، جو یاماہا کی سب سے مہنگی موٹر سائیکل ہے۔
یونیک موٹر سائیکل نے بھی 18 جولائی 2025 سے اپنی UD-70cc سیریز کی قیمتوں میں 3 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔
بنیادی ماڈل اب 1 لاکھ 21 ہزار 500 روپے میں دستیاب ہے۔ Extreme Plusکی قیمت 1 لاکھ 25 ہزار روپے، Special Edition کی قیمت 1 لاکھ 28 ہزار 500 روپے،Extreme Plus (الائے رِمز کے ساتھ) 1 لاکھ 35 ہزار روپے، جبکہ Self-Start ماڈل 1 لاکھ 47 ہزار روپے تک پہنچ چکا ہے۔
یاماہا اور یونیک کی جانب سے یہ اضافہ اس وقت کیا گیا ہے جب اطلس ہونڈا اور پاک سوزوکی پہلے ہی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کرچکے ہیں، جس کے بعد موٹر سائیکل خریدنا عوام کے لیے مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے۔