رمضان المبارک میں مساجد کو بند نہیں کیا جائے گا، مولانا طاہر اشرفی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لاہور: معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں مساجد کو بند نہیں کیا جائے گا، بلکہ مساجد میں مکمل طور پر احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل ہو گا۔

علامہ طاہر اشرفی نے یہ بات متحدہ علما بورڈ میں تمام مکاتب فکر کے علما ومشائخ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، طاہر اشرفی نے کہا کہ رمضان المبارک میں عبادت اور احتیاط کو ساتھ ساتھ رکھنا ہے۔

طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ یونیسف اور کئی یورپی اور امریکی تحقیقاتی ادارے اس بارے میں نشاندہی کر چکے ہیں، لیکن افسوس کہ ایک مخصوص طبقہ کے چند خواتین و حضرات نے وزیراعظم کے موقف کے خلاف ایک مہم شروع کر رکھی ہے۔ ان کے موقف کی غلط تشریح کرکے فحاشی وعریانی کی حمایت کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے۔ ہمیں رجوع الی اللہ اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ اس سے بچنا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے جنسی تشدد کے واقعات کے اسباب میں سے فحاشی اور عریانی کو سبب قرار دینا درست اور حقیقت پر مبنی موقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنسی زیادتی بچے کے ساتھ ہو یا بچی کے ساتھ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنسی زیادتی کے واقعات کا ذمہ دار نہ کسی طور پر عورت کو ٹھہرایا گیا ہے اور نہ ہی ٹھہرایا جا سکتا ہے۔

اسلام نے جو مقام عورت کو دیا ہے وہ کسی اور نے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا موقف پوری قوم کی ترجمانی ہے، فحاشی و عریانی پھیلانے والا مرد ہو یا عورت کوئی بھی ہو قابل مذمت ہے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کسی مسجد یا مدرسہ کو بند نہیں کیا جا رہا ہے او رنہ ہی کسی مدرسہ یا مسجد کی رجسٹریشن منسوخ ہوئی ہے۔ بعض عناصر سیاسی مقاصد کیلئے اسلامی شعائر اور مسجد مدرسہ کا نام استعمال کرتے ہیں۔ وقف املاک ایکٹ کے حوالہ سے علماو مشائخ سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

وزیراعظم خود اس حوالے سے اعلان کر چکے ہیں، موجودہ حکومت مسجد و مدرسہ کے تحفظ کی چوکیدار ہے، مدارس کی رجسٹریشن کا وزارت تعلیم کے ساتھ شروع ہو چکا ہے، مدرسہ کی مسلسل رجسٹریشن ہو رہی ہے، اگر کسی مدرسہ یا مسجد کے ذمہ دار کو کسی سرکاری ذمہ دار سے شکایت ہے تو وہ ان سے رابطہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت قوم کو ایک روزہ اور ایک عید کا تحفہ دے گی۔ رویت ہلال کمیٹی کا پشاور میں اجلاس اختلافات کے خاتمے کے لئے ہے اور چاند کے معاملات کی نگرانی وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کر رہے ہیں۔