میاں طارق جاوید نے شوکت خانم اسپتال کے نام پر کروڑوں کی کرپشن کی، زنیش خان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد:شہر اقتدار کی رہائشی خاتون زنیش خان نے کہا ہے کہ ڈنمارک میں مقیم پاکستانی نژادڈچ شہری میاں طارق جاوید نے شوکت خانم اسپتال کے نام پر جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوا کر کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے جس کی درخواست نیب میں دائر کر دی ہے۔

زنیش خان کا کہنا تھا کہ کیس دائر کرنے کی پاداش میں میاں جاوید سمیت چھ رکنی گینگ نے ان کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم اور دھمکیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے زنیش خان کا کہنا تھا کہ ڈنمارک میں مقیم میاں طارق جاوید نامی شخص جو پہلے پی ٹی آئی کا وہاں عہدیدار تھا نے وہاں پر پاکستانی اوورسیز کمیونٹی کے نام سے ایک تنظیم بنا رکھی ہے اس نے 2014 ء میں وہاں پر شوکت خانم کے نام پر اپنے بھائی میاں عابد کی ملی بھگت سے بینک اکاؤنٹ کھلوا کرچار برس تک فنڈ اکٹھے کرتا رہا۔

وہ فنڈز شوکت خانم اسپتال کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرنے کی بجائے اس فنڈ کو اپنی جائیداد اور گاڑیاں خریدنے پر خرچ کرتا رہا،جس کی شکایت درج کروانے پر پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے اسے پارٹی سے نکال دیا گیا۔

زنیش خان نے مزید بتایا کہ ان کیخلاف مختلف فورمز پر درخواستیں دیں مگر ملزم بااثر ہونے کی وجہ سے کہیں بھی شنوائی نہ ہو سکی،بلکہ الٹا ہمیں ہی موردوالزام ٹھہرایا گیا۔ ملزم نے میرے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانا شروع کر دی اور میری اور میری فیملی کی ذاتی تصاویر فیس بک سے اٹھا کر انتہائی غلیظ اور شرمناک طریقے سے پوسٹر بنا کر وائرل کرنا شروع کردیں۔

مذکورہ شخض نے دھمکیوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا کہ میرے خلاف بولنا بند کر دو اور میرے خلاف تمام کیسز واپس لے لو ورنہ تمہیں اورتمہارے سارے خاندان کو عبرت کا نشان بنادونگا،جس پر میں نے اس کیخلاف ایف آئی اے میں درخواست دی مگر اس پر ابھی پرچہ درج نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیشن کورٹ لاہور میں پیشی کے موقع پر میاں طارق جاوید کے ایماء پر تیس سے پینتیس وکلاء پر مشتمل جتھے نے سرعام ان پر تشدد کیا اور انکے کپڑے پھاڑ دیئے، جبکہ پولیس نے موقع پر ہونے کے باجود انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی۔

گورنر پنجاب کو دی گئی میری درخواست پر گورنر ہاؤس سے انکوائری کا آرڈر کیا گیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے میاں طارق جاوید کیخلاف حکم آ چکا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ کرپشن سے پاک پاکستان انکی پارٹی کا نعرہ ہے مگر انکی اپنی پارٹی اور شوکت خانم کے نام پر مالی کرپشن کی نشاندہی پر ایک نہتی خاتون کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے وزیراعظم اس جانب بھی توجہ دیں اور ہمیں انصاف فراہم کریں۔