آرٹیکل 58 ٹو بی شق ختم کرانے میں عطااللہ مینگل کا کردار کلیدی تھا، شہباز شریف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کے فروغ کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ آرٹیکل 58 ٹو بی شق کو ختم کرانے میں سردار عطااللہ مینگل کا کردار کلیدی تھا۔

تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اختر مینگل کی رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کا احترام کرنا ہوگا، مسائل کے حل کیلئے صوبوں کو ان کے وسائل فراہم کرنے ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جمہوری نظام کے فروغ کیلئے سب کو مل کرکام کرنا ہوگا، آرٹیکل 58 ٹوبی نے کئی جمہوری حکومتوں کا بستر گول کیا تھا، 58 ٹوبی کی شق ختم کرنے کیلئےعطااللہ مینگل کا اہم کردارتھا، عطااللہ مینگل کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ عطااللہ مینگل کی جمہوریت اور آئین کی پاسداری کیلئے بہت خدمات ہیں، قائداعظم کے خواب کی تعبیرکرنی ہے تو سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف آج وفد کے ہمراہ اختر مینگل کی رہائش گاہ پر پہنچے تھے جہاں نے سردار عطااللہ مینگل کی وفات پر ان کے صاحبزادے سے اظہار افسوس کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گرین لائن بسوں کی پہلی کھیپ کراچی پورٹ پر پہنچ گئی

واضح رہے کہ شہباز شریف اگست کے شروع میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی ایک عوامی ریلی میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر کراچی آئے تھے۔

انہوں نے سابق صدر ممنون حسین اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے صدر پیر پگارا کی رہائش گاہوں پر جا کر تعزیت کی تھی جبکہ اپنے تین روزہ قیام کے دوران تاجر برادری سے بھی خطاب کیاتھا۔