کراچی: مون سون کا اسپیل 19 جولائی کی شام سے مشرقی سندھ میں داخل ہونے اور بتدریج پورے صوبے میں پھیلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے اس ہفتے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے کیونکہ بارشوں کا نیا اسپیل آج سے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
19 جولائی کی شام سے 22 یا 23 جولائی تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، دادو اور جامشورو اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی ڈویژن، کشمور، گھوٹکی، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، حیدر آباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹھہ اور سجاول کے اضلاع میں 20 سے 22 جولائی تک گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔.
محکمہ موسمیات نے اس سے قبل 18 جولائی کی رات سے 22 جولائی تک شدید بارشوں کے بعد پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں ممکنہ شہری سیلاب سے خبردار کیا تھا۔
مزید پڑھیں:بنگلا دیشی عوام سڑکوں پر نکل آئے، حسینہ واجد سے استعفے کا مطالبہ
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، کشمیر، گلیات، مری اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ سے خبردار کیا ہے۔