بھارت کو بتاچکے ہیں کہ اگر جنگ شروع کی تو ختم ہم کریں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

dg-ispr
dg-ispr

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفورنے پاکستان کو ختم کرنے کی بھارتی گیدڑ بھبھکی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو بتاچکے ہیں کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ختم ہم کریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بھارتی حکومت اور ملٹری لیڈرشپ کے بیانات غیر ذمہ درانہ ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت اور عسکری قیادت غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، بھارتی قیادت کہتی ہے کہ پاکستان کو 7 سے 10 دن میں ختم کر دیں گے، ذمہ دارافراد ایسے بیانات نہیں دیتے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بات صرف 7 یا 10 دِن کی نہیں اس سے پہلے اور بعد کی بھی ہے، جنگ میں کسی کی ہار جیت نہیں ہوتی، انسانیت ہارتی ہے، بھارت کو بتاچکے ہیں کہ اگر جنگ شروع کی تو ختم ہم کریں گے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جو فوج 71 سال سے 8 ملین کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکی وہ 207 ملین پاکستانیوں کو کیسے شکست دے سکتی ہے؟ افواج اسلحے کے زور پر نہیں، جذبہ ایمانی اور عوام کی حمایت سے لڑتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتی ، پاکستان نے 2 دہائیوں میں دہشتگردی کیخلاف بقا کی جنگ لڑی۔ میڈیا کا افواج پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار رہا۔ میڈیا نے افواج پاکستان اور شہیدوں کے لواحقین کے دل جیتے۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہناتھا کہ فروری 2019 میں پاک بھارت جنگ دستک دے چکی تھی لیکن افواج پاکستان کی تیاری اور مؤثر جواب نے امن کا راستہ ہموار کیا، تینوں سروسز نے اپنے آپ کو قابل فورس کے طور پر منوایا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی وزیراعظم کا بیان پاکستان مخالف حکمت عملی کاحصہ ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ان کاکہناتھا کہ پاکستانی قیادت نے اس خطرے کو احسن طریقے سے نمٹایا، جنرل قمر جاوید باجوہ کی سْپیریر ملٹری اسٹریٹیجی نے جنوبی ایشیا کو بہت بڑی تباہی سے بچایا، پاکستانی سول و ملٹری لیڈر شپ خطے میں امن کی خواہاں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہناتھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملٹری ڈپلومیسی نے اقوامِ عالم میں پاکستان کا مقام بلند کیا، کامیاب ملٹری ڈپلومیسی نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو نمایاں کیا۔

ان کاکہنا تھا کہ بھارتی سول ملٹری لیڈر شپ کو بھی خطے میں امن کی اہمیت کا ندازہ ہونا چاہیے، بھارتی لیڈرشپ 10 روز میں پاکستان کو ختم کرنے کا دعویٰ کرتی ہے، بھارتی قیادت مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم بند کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں لگی آگ پورے خطےمیں پھیل سکتی ہے۔

Related Posts