راولپنڈی، ایم بی اے ڈگری کے حامل نوجوان نے گولا گنڈا کے فلیور متعارف کرادئیے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

راولپنڈی کی کمرشل مارکیٹ میں ایم بی اے تک تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان عبدالرؤف نے گولا گنڈا کے فلیورز متعارف کرا دئیے ہیں جن کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کرنے کے بعد عبدالرؤف نے گولا گنڈا کے مختلف فلیورز متعارف کرائے جن میں اسٹک، فالودہ، ٹوٹی فروٹی، فراسٹ اسپیشل، ڈرائی فروٹ اور آئس کریم گولا گنڈا شامل ہیں جن کا ذائقہ بے حد لذیذ اور مزیدار ہے۔

جڑواں شہروں کے باسی اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ہمراہ گولا گنڈا کھانے آتے ہیں اور خوب لطف اٹھاتے ہیں۔ ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرؤف نے کہا کہ ہم 5 بہن بھائی ہیں۔ میں نے ایم بی اے تک تعلیم حاصل کی اور چاہا کہ کچھ نیا کیا جائے۔

خصوصی گفتگو کے دوران عبدالرؤف نے کہا کہ میں کچھ نیا اور مختلف کرنا چاہتا تھا جس سے شہریوں کو لطف اندوزی کا سامان میسر آئے۔ کچھ لوگ میٹھا زیادہ پسند کرتے ہیں تو گولا گنڈا کو جدت دے کر میں نے 7 مختلف فلیورز متعارف کرائے ہیں۔

گفتگو کے دوران عبدالرؤف نے کہا کہ ہمارا سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا فلیور فراسٹ گولا گنڈا ہے۔ اس کی قیمت 400 ہے جسے 4 لوگ باآسانی کھا سکتے ہیں۔ اس میں سب سے پہلے چاکلیٹ کی بیس بناتے ہیں، پھر برف کو کش کیا جاتا ہے۔

گولا گنڈا بنانے کے متعلق عبدالرؤف نے مزید کہا کہ برف کش کرنے کے بعد اوپر کھویا ڈالتے ہیں۔ روح افزاء کی ٹاپنگ کی جاتی ہے جس میں مختلف فلیورز ہوتے ہیں۔ اس کے اوپر آئس کریم کی تہہ لگائی جاتی ہے۔ پھر فالودہ ڈالا جاتا ہے اور بلیک بیری کا فلیور ڈالا جاتا ہے۔

عبدالرؤف نے کہا کہ آخر میں گولا گنڈا پر ڈرائی فروٹ کی ٹاپنگ کی جاتی ہے۔ ہم ایس او پیز کی مکمل پابندی کرتے ہیں۔ کافی رش ہوتا ہے۔ 6 بجے شام سے رات 2 بجے تک کام جاری رہتا ہے۔ دو سے 3 جگہ ملازمت کی بھی، لیکن مزہ نہیں آیا۔

نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں عبدالرؤف کا کہنا ہے کہ گولا گنڈا سمیت کوئی کام چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا۔کام کرنے کیلئے اچھا آئیڈیا سامنے لائیں۔اللہ کا نام لے کر شروع کیا جائے تو آپ کو کامیابی ضرور ملے گی۔ ایمانداری اور محنت سے کامیابی ملتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد،کار پر بریانی فروخت کرنے والے محمد عمر کمال سے ملاقات