مولانا عظیم اللہ عثمان کی ایس ایس پی کیماڑی سے ملاقات، بک سیٹ کا گفٹ پیش کیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

 جمعیت علمائے اسلام شیرشاہ کے امیر مولانا عظیم اللہ عثمان نے ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری سے ملاقات کی۔

ضلع کیماڑی بالخصوص شیرشاہ کالونی میں امن و امان کی صورتحال، غیرقانونی سرگرمیوں، چھینا جھپٹی کے بڑھتے واقعات اور پولیس نفری میں اضافے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ضلع کیماڑی پولیس کی حالیہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے مولانا عظیم اللہ عثمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہر بھر کی طرح شیرشاہ کالونی میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے۔ چھینا جھپٹی کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں۔ غیر قانونی سرگرمیوں پر تشویش ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

سابق انڈین اداکارہ ثنا خان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع

مولانا عظیم اللہ عثمان نے مزید کہا کہ شیرشاہ پولیس اپنی بساط کے مطابق کام کررہی ہے مگر نفری اور وسائل کی کمی سے مشکلات کا سامنا ہے۔ دہشتگردوں اور قانون شکن عناصر کے مقابلے میں پولیس کے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ہم پولیس کی لازوال قربانیوں کے معترف بھی ہیں مگر جہاں جہاں خامیاں ہونگی تو انکی نشاندہی کرنا ہمارا فرض ہے۔

ایس ایس پی کیماڑی نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے جامع اقدامات اور مربوط حکمت عملی کی یقین دہانی کرائی اور جمعیت علمائے اسلام شیرشاہ کی عوام دوست کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہماری اولین ترجیح عوام کو امن فراہم کرنا ہے۔ امن و امان ہم سب کی ضرورت ہے۔ ضلع کیماڑی میں دیگر اضلاع کی بنسبت غیر قانونی سرگرمیوں اور شرپسند عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نفری کی کمی کے مسائل بھی جلد حل ہوجائیں گے اور تھانہ شیرشاہ کو مناسب نفری فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں SSP کیماڑی کو جامعہ عثمانیہ شیرشاہ کی جانب سے انکی شبانہ روز مساعی پر مولانا عظیم اللہ عثمان کی جانب سے کتابوں کا ہدیہ بھی دیا گیا۔

اس موقع پر جمعیت علماء اسلام شیرشاہ کے نائب امیر مفتی انعام اللہ اور سیکریٹری اطلاعات مولانا محمد ندیم بھی ہمراہ تھے۔