لندن: مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ”میاں صاحب کے حوصلے بلند ہیں،وہ اپنے وطن پاکستان میں ہی رہنے کی دل سے خواہش رکھتے ہیں۔
مریم نواز نے یہ بات جمعہ کو پارٹی قائد نواز شریف سے مختصر ملاقات کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
مریم نواز نے کہا کہ تین بار وزیر اعظم رہنے والے شخص کے بلند حوصلہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ انہیں دیکھ کر اچھا لگا۔ میاں صاحب کی سیاسی جدوجہد کے گیارہ سال جلاوطنی میں گزرے۔
پارٹی قائد کی وطن واپسی کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ افواہیں جلد دم توڑ جائیں گی کیونکہ نواز شریف کی وطن واپسی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ وہ افواہوں پر زیادہ توجہ نہیں دیتیں۔
اس سے قبل، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے جمعے کے روز تصدیق کی تھی کہ نواز شریف کی پاکستان واپسی کے لیے طے شدہ تاریخ میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا ہے، جس سے پارٹی رہنما کی وطن واپسی سے متعلق قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں:کشمیر پاکستان اوربھارت کے درمیان امن کی کنجی ہے، نگران وزیراعظم
لندن میں اچانک ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے انکشاف کیا کہ انہیں نواز شریف نے اہم مشاورتی اجلاس کے لیے طلب کیا تھا۔