Friday, March 29, 2024

اس بار کسی کو الیکشن چوری کرنے نہیں دیں گے، مریم نواز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام گڑھ: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن وہ واحد جماعت ہے جس باقی سب جماعتوں کی دوڑیں لگوا دی ہیں۔ میاں نواز شریف کی آواز سارے کشمیر میں گونج رہی ہے۔ الیکشن سے قبل بھی کرپشن کرنے کے دعوے کیے گئے تھے اور آج پھر عمران خان سبز باغ دکھانے کےلیے باغ آرہے ہیں۔

آزاد کشمیر کے علاقے اسلام گڑھ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام تین سال سے اس سبز باغ کی کہانی ڈھونڈ رہے ہیں جو عمران خان نے سنائی تھی۔ آج آزاد کشمیر کے کونے کونے سے ایک ہی آواز آرہی ہے نواز شریف۔ نوازشریف نے آٹے کی قیمت کو 30 روپے اور چینی کی قیمت کو 50 روپے سے بڑھنے نہیں دیا، جس کی وجہ سے ملک میں قیمتیں ایک ہی سطح پر رہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ امور کشمیر کا وزیر آج کشمیر کی حدود میں داخل نہیں ہوسکتا، کشمیری اکیلے نہیں ہیں، عمران خان کشمیر کا الیکشن اس لیے جیتنا چاہتا ہے کہ آزادکشمیر کو پاکستان کا صوبہ بنادیں، مگر یاد رکھو آزاد کشمیر والے اکیلے اور نہتے نہیں ہیں، بلکہ کشمیریوں کا فیصلہ ہے نواز شریف۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف یہ الیکشن جیت چکا ہے، یاد رکھو ووٹ چوروں اگر تم نے شیر کا جیتا ہوا الیکشن چوری کیا تو کشمیری تمہیں چھوڑیں گے نہیں۔ یہ 2018 نہیں ہے جس میں تم آر ٹی ایس کا بٹن دبا کر الیکشن چوری کرلیا تھا اور مسلم لیگ (ن) نے چپ کرکے یہ فیصلہ مان لیا تھا۔ اب یہ وہ مسلم لیگ (ن) بھی نہیں، اس بار ووٹ چوروں کا واستہ آزاد کشمیر کے شیروں سے ہے۔