بریک ڈاؤن: رات 10 بجے تک بجلی مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی، خرم دستگیر

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بریک ڈاؤن: رات 10 بجے تک بجلی مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی، خرم دستگیر
بریک ڈاؤن: رات 10 بجے تک بجلی مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی، خرم دستگیر

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: پیر کے روز وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ نیشنل گرڈ میں فریکوئنسی کی تبدیلی کے بعد پورے ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہونے کے بعد رات 10 بجے تک ملک بھر میں بجلی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ”مقامی وقت کے مطابق رات (10 بجے) تک بجلی بحال کرنا ہے لیکن اس سے پہلے بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے”۔

دوسری جانب ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور سکھر کی تقسیم کار کمپنیوں میں بجلی جزوی طور پر بحال کردی گئی ہے۔

وزارت توانائی کے مطابق آج صبح 7 بج کر 34 منٹ پر نیشنل گرڈ کی فریکوئنسی کا نظام ڈاؤن ہوگیا جس کے نتیجے میں سسٹم میں بڑے پیمانے پر خرابی پیدا ہوگئی۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ ”سسٹم کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے،”۔

ملک میں بجلی کی آخری بڑی بندش، گزشتہ سال اکتوبر میں رپورٹ ہوئی تھی، جس کی بحالی میں 12 گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا تھا۔ بجلی بند ہونے سے سسٹم سے تقریباً 8000 میگاواٹ بجلی نکل گئی تھی۔

خرم دستگیر کا مزید کہنا تھا کہ”موسم سرما میں، ملک بھر میں بجلی کی طلب کم ہو جاتی ہے، اس لیے، معاشی اقدام کے طور پر، ہم رات کے وقت اپنے بجلی پیدا کرنے کے نظام کو عارضی طور پر بند کر دیتے ہیں۔

دریں اثنا، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن کا ”سنجیدہ نوٹس” لیا ہے۔

پیر کی سہ پہر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں، نیپرا نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کو بجلی بلیک آؤٹ پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

کراچی میں ملیر، لانڈھی، گلستان جوہر، اختر کالونی، آئی آئی چندریگر روڈ، نیو کراچی، گلشن، ابراہیم حیدری اور کورنگی میں بجلی کی بندش کا سامنا رہا۔

کے الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے ایک ٹویٹ میں اعتراف کیا کہ ملک بھر میں بندش سے کراچی کی بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:بجلی کا بریک ڈاؤن، مختلف شہروں سے بجلی غائب، سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کے ای کی ٹیمیں صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں اور بجلی کی بحالی کا طریقہ کار شروع ہو چکا ہے۔

Related Posts