لیاری: فٹبال شائقین کا جوش دیکھ کر لگتا ہے فیفا ورلڈ کپ یہاں کھیلا جا رہا ہے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

دنیائے کھیل کا سب سے بڑا میلہ فیفا ورلڈکپ 2022 دنیا کے ایک بہت ہی چھوٹے ملک قطر میں شروع ہوگیا ہے اور اس کے ساتھ ہی دنیا کے ایک بڑے حصے میں کھیلے جانے والے کھیل فٹبال کے شائقین میں بھی جوش و جذبہ عروج پر ہے۔

کراچی کے علاقے لیاری کو فٹبال کی نرسری کی حیثیت حاصل ہے، پورے ملک میں جہاں کرکٹ سب سے زیادہ پسندیدہ کھیل ہے، وہاں اس کے بر عکس لیاری میں فٹبال کا جنون سر چڑھ کر بولتا ہے، چنانچہ لیاری کی گلی گلی میں بچہ بچہ فٹبال کھیلتا نظر آتا ہے۔

لیاری میں فٹبال کا جنون اس وقت مزید دو چند ہوجاتا ہے جب دنیا میں کہیں بھی فٹبال کا کوئی بڑا ایونٹ شروع ہوجاتا ہے۔ قطر میں فٹبال ورلڈ کپ کا میلہ سجتے ہی لیاری میں بھی فٹبال کا جوش جنون میں بدل گیا ہے اور یہاں ہر طرف فٹبال کے رنگ اس طرح بہار دے رہے ہیں جیسے فیفا ورلڈکپ قطر میں نہیں بلکہ لیاری میں کھیلا جا رہا ہو۔

ایم ایم نیوز کی ٹیم نے فٹبال کے اس فیور کو قریب سے دیکھنے اور اپنے ناظرین کو دکھانے کیلئے لیاری کا دورہ کیا اور فٹبال  ورلڈکپ کے جوش و خروش کو قریب سے دیکھا۔

لیاری کے فٹبال لوورز نے ورلڈکپ کی مناسبت سے اپنے گلی کوچوں کو ورلڈکپ کے رنگوں سے سجا دیا ہے۔ ہماری ڈیجیٹل رپورٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کہیں ورلڈ کپ کی تمام ٹیموں کے جھنڈے پینٹ کیے گئے ہیں تو کسی نے اپنی فیورٹ ٹیم کی حمایت میں مخلتف سلوگنز آرٹ ورک میں دیواروں پر چسپاں کر دیے ہیں۔

فٹبال کے جنوں میں مبتلا شائقین لیاری میں اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کی شرٹس میں بھی نظر آتے ہیں۔ مختلف شائقین نے ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ شائقین سے گفتگو کے دوران اندازہ ہوا کہ موسٹ فیورٹ کے بارے میں رائے منقسم ہے۔ 

ورلڈکپ 2022 کی فتح کا تاج کس کے سر سجے گا، اس سوال کے جواب میں فرانس، برازیل، ارجنٹینا وغیرہ کے بارے میں ملی جلی رائے سامنے آئی، تاہم اپنی اپنی فیورٹ ٹیموں کے متعلق ہر کوئی یہ وش کرتا دکھائی دیا کہ وہ جیتے۔

جوں جوں ورلڈکپ آگے بڑھے گا، امید کی جا رہی ہے کہ پاکستان میں فیفا ورلڈکپ کے منی قطر لیاری میں فٹبال کے جنوں میں بھی اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔ 

Related Posts