امریکی ریاست لوزیانا کے شہر شریوپورٹ میں پیش آنے والے ایک دل دہلا دینے والے فائرنگ کے واقعے نے پورے امریکہ کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ ایک مسلح شخص نے فائرنگ کی اور اندھا دھند گولیاں برساتے ہوئے ایک شیر خوار بچے سمیت آٹھ کم عمر بچوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور نے ایک ہی علاقے میں واقع تین مختلف رہائشی گھروں کو نشانہ بنایا۔ اس واقعے میں مجموعی طور پر دس افراد متاثر ہوئے، جن میں سے آٹھ بچے شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گئے۔ مرنے والے بچوں کی عمریں ایک سے چودہ سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔
ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر افراد کا تعلق حملہ آور کے اپنے ہی خاندان سے تھا۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں اس کی اپنی اولاد بھی شامل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد ملزم نے ایک گاڑی چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے اسے روک لیا۔ بعد ازاں فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
شریوپورٹ کے پولیس چیف وین اسمتھ نے اس سانحے کو شہر کی تاریخ کا نہایت افسوسناک اور غیر معمولی واقعہ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور واقعے کے محرکات جاننے کیلئے تفتیش کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








