کراچی: پولیس انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف کورنگی میں آپریشن شروع ہو گیا، ناجائز تجاوزات سے فٹ پاتھ خالی کرالیا، بڑی تعداد میں غیر قانونی تجاوزات کوقبضے میں لے کر تھانہ پہنچا دیا گیا۔
آپریشن ڈی ایس پی لانڈھی عارف رزاق کی سربراہی میں کیا گیا، اس حوالے سے ڈ ی ایس پی لانڈھی عارف رزاق نے ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت کیا جا رہا ہے۔
اعلیٰ پولیس افسران کی ہدایت ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل در آمد کرایا جائے اور فٹ پاتھ وگزار کرا کر عوام کو پیدل چلنے کی سہولت فراہم کی جائے۔ کورنگی نمبر ساڑھے تین، مرکزی سڑک کورنگی روڈپر رہائشیوں اور دکانداروں نے غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے اور تقریباََ 15 سے 20 فٹ چوڑے فٹ پاتھ پر تجاوزات قائم کر لیے تھے۔
ایک مکان کو 7 فٹ سڑک سے اونچا بنا کر اس کا زینہ بھی فٹ پاتھ پر بنا یا گیا تھا، جو اس سے قبل مسمار کردیا گیا تھا، اس مکان میں ایک نجی بینک کی برانچ قائم ہے اور اس کے راستے کے لیے اب لوہے کا زینہ بنا کر نصب کر دیا گیا ہے اور وہ بھی فٹ پاتھ پر 8 فٹ تک تجاوزات میں شامل ہے۔
تاہم پولیس نے بینک انتظامیہ کو وارننگ دے دی ہے کہ اسے بھی فوری اندر کر لیا جائے،ورنہ آئندہ اسے بھی اکھاڑ دیا جائے گا۔ فٹ پاتھ پر فرنیچر والوں، مرغی کا گوشت فروخت کرنے والوں، فریج، اے سی کی مرمت کرنے والوں، جانوروں کے ڈاکٹر اور دیگر دکانداروں نے قبضہ کر رکھا تھا۔
جسے ڈی ایس پی لانڈھی عارف رزاق کی کمانڈ میں آپریشن کر کے پولیس اور محکمہ ریونیو کے اہلکاروں نے وگزار کرا لیا اور وارننگ جاری کردی کہ آئندہ کسی نے فٹ پاتھ پر چھوٹا سا بھی سامان رکھا تو اسے قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دکانداروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جب کوئی ایک دکاندار اپنا سامان باہر رکھتا ہے تو دوسروں کی دکان چھپ جاتی ہے، اس لیے پھر دوسرے دکاندار بھی اس سے آگے بڑھ کر اپنی دکان سجا لیتے ہیں۔