لاہور میں نوکری کا جھانسہ دے کر خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کی گئی۔ پولیس نے کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔کیس کے ہوشربا انکشافات سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق چوکی راجہ مارکیٹ کی پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم عمران کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کیا۔خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ ایک ملزم نے نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا اور ساتھیوں کے ہمراہ اجتماعی زیادتی کی۔
واقعے کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے متاثرہ خاتون کو گھر میں نوکری دلوانے کے بہانے کلمہ چوک بلایا اور پھر موٹر سائیکل پر گارڈن ٹاؤن کے ایک گھر لے گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور واقعے کی نامناسب ویڈیو بھی بنائی۔
ملزم نے ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر متاثرہ خاتون کو خاموش رہنے پر مجبور کرنے کی کوشش بھی کی۔متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ایک نامزد اور دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تفتیش کاروں کے مطابق واقعے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ خواتین کے استحصال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس دیگر ملزمان کی جلد گرفتاری کیلئے پر عزم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








