مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا اجلاس، اراکین کی ہاتھاپائی، کرسیاں چل گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

کے ایم سی
(فوٹو: آن لائن)

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کونسل اجلاس کے دوران اراکین میں ہاتھا پائی ہوئی ہے۔ معذور رکن پر اپوزیشن اراکین نے تشدد کیا اور کرسیاں چل گئیں۔

تٖفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کونسل اجلاس کے دوران اس وقت ہاتھا پائی ہوئی جب حکومت اور اپوزیشن کے اراکین آپس میں لڑ پڑے۔ اپوزیشن اراکین نے معذور کوٹے پر منتخب رکن پر تشدد بھی کیا۔

کے ایم سی کونسل ہال میں جھگڑے کے دوران کرسیاں چل گئیں۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر نے کونسل اجلاس کے دوران صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔ کونسل اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے بعد اپوزیشن اراکین واک آؤٹ کر گئے۔

دوسری جانب شہرِ قائد کے باسی طویل عرصے سے کے ایم سی اور ڈی ایم سی سمیت دیگر اداروں کی جانب سے عوامی فرائض کی انجام دہی میں کوتاہیوں اور غیر ضروری دفتری تاخیر اور غفلت کی شکایات کے باعث شہری انتظامیہ سے خائف نظر آتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی کی سینئر سول جج سینٹرل کورٹ نے شادمان نالے میں موٹر سائیکل گرنے سے ایک خاتون اور دو ماہ کے بچے کی ہلاکت کے دلخراش واقعے میں متاثرہ شہری کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن (ڈی ایم سی) سینٹرل کو 99 لاکھ روپے سے زائد ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دیا تھا۔

اگست 2025 میں عدالتی فیصلے کے مطابق ریکارڈ سے واضح ہوتا ہے کہ یہ حادثہ متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سی سینٹرل اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے جبکہ نالوں اور سیوریج نظام کی دیکھ بھال اور شہریوں کی حفاظت ان اداروں کا بنیادی فرض تھا۔

Related Posts