کراچی یونیورسٹی نے طلبہ و طالبات کو اشتعال انگیز کپڑے نہ پہننے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ میں طلبہ کو صاف ستھرے اور مہذب کپڑے پہننا ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی نے طلبہ و طالبات کیلئے ڈریس کوڈ جاری کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ و طالبات اشتعال انگیز، نفرت پھیلانے والے یا دھیان بھٹکانے والے کپڑوں سے گریز کریں۔ ہدایت کی جاتی ہے کہ جسم ظاہر کرنے والے یا چھوٹی آستینوں والے کپڑے بھی نہ پہنیں۔
ڈریس کوڈ کے مطابق طلبہ کو قابلِ اعتراض، تنگ کپڑے، پرنٹ یا گرافکس والے کپڑے اور عام چپلیں پہننے سے بھی اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس حوالے سے مشیر امور طلبہ ڈاکٹر نوشین رضا کا کہنا ہے کہ ڈریس کوڈ کے متعلق جاری کیا گیا نوٹیفکیشن کوئی نیا اقدام نہیں۔
اپنے وضاحتی بیان میں ڈاکٹر نوشین رضا نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ کی رہنمائی کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرتی رہتی ہے۔ یہ ایک بڑی جامعہ ہے جہاں 45 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ بڑی تعداد میں طلبہ نے داخلہ لیا ہے جن کی رہنمائی کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
بیان میں ڈاکٹر نوشین رضا کا مزید کہنا ہے کہ کراچی یونیورسٹی نے اپنے ضابطہ اخلاق میں پہلے ہی ڈریس کوڈ کا ذکر کیا ہے، طلبہ باوقار لباس پہنیں، انہیں صرف تنبیہ کی گئی ہے کہ کیسا لباس پہننا چاہئے، وہ اپنی مرضی اور ثقافت کے لحاظ سے بھی لباس پہننے کا حق رکھتے ہیں۔