کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیر سے بسیں چلانے کا اعلان کردیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیر سے بسیں چلانے کا اعلان کردیا
کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیر سے بسیں چلانے کا اعلان کردیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے پیر کے دن سے بسیں، کوچز اور منی بسیں چلانے کا اعلان کردیاگیا ہے، اس حوالے سے ارشاد بخاری کا کہنا تھا کہ گاڑیاں ضرور چلیں گی اگر پولیس نے روکا تو گرفتاریاں دیں گے۔

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے کہا کہ سندھ میں 18 مارچ سے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا،وزیر اعلیٰ کے حکم پر ہم نے گاڑیاں کھڑی کردیں، تاجروں کو دکانیں کھولنے کی اجازت ملی تو ہم نے بھی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات کی، مگر ہمیں اجازت نہیں دی گئی۔

ارشاد بخاری کا کہنا تھا کہ بسوں پر کام کرنے والے دیہاڑی پر کام کرتے ہیں، اگر گاڑیاں بند کرنا ضروری ہیں تو ٹرانسپورٹرز کو بھی ریلیف دیں، حکومت ہمارے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرے ہم گاڑیاں کھڑی کردیں گے۔

ارشاد بخاری نے کہا کہ پیر سے ہم سیٹ بائی سیٹ گاڑیاں چلائیں گے، ڈرائیور کنڈیکٹر ماسک، دستانے اور سینیٹائزر استعمال کریں گے، جو ٹرانسپورٹر اس پر عمل نہیں کرے گا ان سے ہمارا تعلق نہیں ہوگا، پولیس اگر ہمیں پکڑے گی تو گرفتاریاں بھی دیں گے اور اگر گاڑیاں نہیں چلنے دیں تو دھرنا بھی دیں گے۔

ارشاد بخاری کے مطابق سعید غنی نے ہم سے کہا کہ آپ ایس او پی بنائیں، ہم نے کہا کہ گاڑیاں سیٹ بائی سیٹ چلائیں گے، ہماری صورت حال بہت خراب ہے، ہمارے بچے اور اہل خانہ بھوک سے بلک رہے ہیں، تاجروں کو اجازت دی وہاں ایس او پیز کا جو حال ہوا سب نے دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں چنگچی رکشا چل رہے ہیں جو دس دس افراد کو بٹھا کر لے جارہے ہیں ان کے خلاف ہم نے کچھ نہیں کہا اور وزراء کے کہنے پر 28 مئی کا اجلاس موخر کیا۔پاکستان میں تمام شعبہ جات چل رہے ہیں، بند ہے تو صرف کراچی میں ٹرانسپورٹ بند ہے۔

ہماری حکومت سے کوئی چپقلش نہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں کل کیا فیصلہ کرتی ہیں ہم دیکھ رہے ہیں لیکن ہم نے آج فیصلہ کیا ہے اور پیر یکم جون سے گاڑیاں سڑکوں پر لائیں گے کیوں کہ حکومت نے ہماری بھوک کا خیال نہیں کیا، ہم اپنے بچوں کو سسکتا نہیں دیکھ سکتے۔

Related Posts