کراچی میں ٹریفک حادثات، مزید 3 افراد جان سے گئے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Karachi traffic accidents claim three more lives
FILE PHOTO

کراچی: شہر میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ تھم سکا، چند گھنٹوں کے دوران تین موٹر سائیکل سوار جان کی بازی ہار گئے۔

کیماڑی گیٹ نمبر 1 کے قریب ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

اسی طرح گلستانِ جوہر پرفیوم چوک پر ایک اور افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک موٹر سائیکل سوار پک اپ وین کی ٹکر سے گر گیا اور پیچھے سے آنے والے ڈمپر نے اسے کچل دیا۔

حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم موقع پر موجود شہریوں نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ مشتعل ہجوم نے ڈمپر کو آگ لگا دی۔

تیسرا حادثہ لیاقت آباد نمبر 10 میں پیش آیا، جہاں 30 سالہ ویلڈر حیدر قریشی ڈمپر کی زد میں آ کر جاں بحق ہوگیا۔ وہ کام سے گھر واپس جا رہے تھے، ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور ایک بچہ شامل ہے۔

کراچی میں ٹریفک حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق سال 2025 کے ابتدائی 45 دنوں میں 107 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں 78 مرد، 14 خواتین، 11 بچے اور 4 بچیاں شامل ہیں۔

چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق حادثات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی تشویشناک ہے۔ مجموعی طور پر 1493 افراد زخمی ہوئے جن میں 1290 مرد، 193 خواتین، 42 بچے اور 18 بچیاں شامل ہیں۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ زیادہ تر حادثات بھاری گاڑیوں، جن میں ڈمپر، ٹریلر اور آئل ٹینکر شامل ہیں، کی تیز رفتاری کے باعث پیش آ رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جنوری اور فروری 2025 کے پہلے چھ دنوں میں 32 حادثات بھاری گاڑیوں کی وجہ سے ہوئے۔

ٹریفک پولیس نے بڑھتے حادثات کے پیش نظر سخت اقدامات کیے ہیں۔ 34ہزار 655 چالان جاری کیے گئے، 490 ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا جبکہ 532 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ کیے گئے۔

Related Posts