مرید عباس قتل کیس، قاتل عاطف زمان کا بھائی عادل زمان گرفتار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: ٹائراسکينڈل میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور ان کے دوست کے قتل کیس کے مرکزی کردارعاطف زمان کے بھائی عادل زمان کو گرفتار کرليا گيا ہے۔

کراچی پولیس نے گزشتہ شب اینکر مرید عباس کے قتل کے مرکزی ملزم عاطف زمان کے بھائی عادل زمان کو گرفتار کر لیا، ملزم نے پولیس کو  ابتدائی بیان ریکارڈ کرادیا جس میں اس نے انکشاف کیا کہ  مرید عباس کے قتل کے وقت میں عاطف زمان کے ساتھ تھا،  ہمارا منصوبہ صرف مرید عباس کو دھمکانے کا تھا۔

عادل زمان نے پولیس کو بتایا ہے کہ بات چیت کے دوران عاطف زمان نے غصے میں فائرنگ کر دی تھی جس کے بعد میں نے اسے دفتر سے گھر چھوڑا اور اس واقعے کے بعد میں بالا کوٹ چلا گیا تھا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا ہے کہ مفرور ملزم عادل زمان کو رات گئے کراچی کے علاقے ڈیفنس سے گرفتار کیا گیا ہے، جس سے اس کیس میں تفتیش جاری ہے۔

عادل زمان نے پوليس کو گرفتاری دينے سے پہلے سرمايہ لگانے والوں کی رقم سےخريدی گئی جائيداديں ٹھکانے لگادیں۔اس نےکورنگی ميں ايک پلاٹ اپنے ہی رشتہ دار کو گروی رکھوايا جس میں کیس کا ایک متاثرہ فریق عدنان مصطفیٰ بھی شراکت دار ہے جبکہ کشمير کالونی ميں عادل کے والد علی زمان نے ڈيڑھ کروڑ ميں ايک گھر کا سودا کيا۔

انہوں نے بتایا کہ آج خداداد کالونی میں ہمارے قابل افسر غوث عالم کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، یہ واقعہ اور عادل زمان کی گرفتاری دو علیحدہ علیحدہ واقعات ہیں۔

مزید پڑھیں: مرید عباس قتل کیس میں مصروف سب انسپکٹر غوث عالم کار پر فائرنگ سے شدید زخمی

طارق دھاریجو نے یہ بھی کہا کہ ان واقعات کو ایک ساتھ جوڑنا قبل از وقت ہے، البتہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے اہلکار غوث عالم نے مرید عباس کے قتل کیس پر بھی کام کیا ہے۔

واضح رہے کہ سالِ رواں (9 جولائی کو) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیسوں کے لین دین کے تنازع پر ملزم عاطف زمان نے ٹی وی اینکر مرید عباس اور ان کے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، قتل کے وقت  مرکزی ملزم عاطف زمان کے ہمراہ اس کا بھائی عادل زمان بھی موجود تھا۔

تاہم جب عاطف زمان قتل کی دونوں وارداتوں کے بعد اپنے گھر لوٹا تو اس سے پہلے ہی عادل فرار ہوچکا تھا۔ عاطف زمان نے اپنے فليٹ ميں پوليس کے آنے سے کچھ  ديرپہلے اس انداز ميں خود کو گولی ماری کہ اس کو اسپتال جانا پڑا لیکن عادل زمان فرار ہوگیاتھا۔