کراچی میں آج رات بارش کا امکان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے آج منگل کی شام کراچی اور گردونواح میں جزوی طور پر ابر آلود موسم اور ہلکی بارش/ بوندا باندی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پاکستان کے بیشتر علاقے سرد ہواؤں کی زد میں ہیں، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں ہلکی مغربی لہر سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ان حالات کے پیش نظر، منگل کی شام/رات، بدھ اور جمعرات کو سندھ کے بیشتر اضلاع میں بنیادی طور پر سرد اور جزوی طور پر ابر آلود دن رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

تاہم منگل کی رات یا شام کو کراچی اور گردونواح میں بوندا باندی کا امکان ہے۔

بدھ اور جمعرات کو کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 17 سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ دریں اثنا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہا۔

موہن جو دڑو صوبے کا سرد ترین مقام رہا،جہاں پارہ 06 سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ صبح کے وقت نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، صبح کے وقت نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔