کراچی: کے الیکٹرک نے بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ 4اعشاریہ 84 روپے کمی کی تجویز دی ہے، جو جنوری کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت کی گئی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کل کے الیکٹرک کی اس درخواست پر سماعت کرے گی۔ اگر اس تجویز کو منظور کر لیا گیا تو کے الیکٹرک کے صارفین کو مجموعی طور پر 4اعشاریہ 695 ارب روپے کا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
فروری میں وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے گھریلو صارفین اور صنعتی شعبے کے لیے بجلی کے نرخ مزید کم کیے جائیں گے۔
انہوں نے اسلام آباد میں بجلی کے شعبے سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اصلاحات مثبت نتائج دے رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو سستی اور پائیدار بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے نجی بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں (آئی پی پیز) کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کو قومی خزانے کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بجلی کے نرخوں میں بھی کمی آئی ہے۔
انہوں نے بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کا عندیہ دیا تاکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہونے والے نقصانات کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔