جے یو آئی نے ملک بھر میں ڈیجیٹل میڈیا سیلز بنانے کیلئے باڈی قائم کر دی

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کے مرکزی ڈیجیٹل میڈیا سیل کے قیام کا اعلان کردیا ہے۔

جے یو آئی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مرکزی ڈیجیٹل میڈیا سیل ملک بھر میں صوبائی اور ضلعی سطح پر ڈیجیٹل میڈیا ٹیموں کی تشکیل کیلئے عملی اقدامات کرے گا۔

 مرکزی ڈیجیٹل میڈیا سیل پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں اور ان کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں ڈیجیٹل میڈیا کے تنظیمی ڈھانچے ترتیب دے گا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق انجینئر ضیاء الرحمن جے یو آئی کے مرکزی ڈیجیٹل میڈیا ٹیم کے کوآرڈینیٹر ہوں گے، اسلام آباد سے مفتی ابرار احمد خان جبکہ پنجاب سے ڈاکٹر ضیاء الرحمن آمازئی مرکزی ڈیجیٹل میڈیا سیل ارکان ہوں گے۔ سندھ سے علامہ راشد محمود سومرو اور علامہ سمیع الحق سواتی مرکزی میڈیا سیل کے ممبر ہوں گے۔

اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا سے ایاز محمد خان اور ڈاکٹر امجد علی مرکزی ڈیجیٹل میڈیا سیل کے ممبران ہوں گے، بلوچستان سے مولانا خالد ولید سیفی اور حاجی عین اللہ شمس ڈیجیٹل میڈیا سیل کے رکن نامزد کئے گئے ہیں جبکہ جے یوآئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اسلم غوری بھی عہدے کے لحاظ سے سیل کے ممبر ہوں گے۔