مولانا فضل الرحمان کی زیرِ صدارت پی ڈی ایم سربراہی اجلاس یکم جنوری کو طلب

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس یکم جنوری کو طلب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا جس کے دوران لانگ مارچ اور سینیٹ انتخابات سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلۂ خیال ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم جماعتیں سینیٹ اور ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ سمیت دیگر آپشنز پر بھی غور کررہی ہیں جبکہ حکومت کے خلاف استعفوں کے اوقات پر بھی گفتگو ہوگی۔

قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی گزشتہ روز کے گڑھی خدا بخش کے جلسے سے خطاب کے دوران وزیرِ اعظم کے 31 مارچ تک استعفیٰ نہ دینے پر لانگ مارچ کا عندیہ دے چکے ہیں۔ 

 اِس سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن اتحاد کا سربراہی اجلاس 2 جنوری کے روز لاہور میں طلب کیا تھا جس کی تاریخ آج تبدیل کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس 2 جنوری کو لاہور میں طلب 

 پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں اپوزیشن جماعتیں ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کے حوالے سے حتمی فیصلے پر مشاورت کی جائے گی۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس جمہوریت کیلئے بینظیر نے جان دی یہ وہ جمہوریت نہیں، ہم ہر آمر اور غاصب سے ٹکرائے، یہ کٹھ پتلی کس کھیت کی مولی ہے؟ عمران خان نے 31 جنوری تک استعفیٰ نہ دیا تو لانگ مارچ کرینگے۔

محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا، اسے جمہوریت کا علم نہیں، حکومت کرنے کا ڈھنگ نہیں۔

مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم نے استعفیٰ نہ دیا تو لانگ مارچ کرینگے، بلاول بھٹو