اسلام آباد میں متوقع امریکا ایران مذاکرات کی تیاریوں نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جب یہ رپورٹس سامنے آئیں کہ جے ڈی وینس امریکی وفد کی قیادت کے لیے اسلام آباد نہیں آ رہے ہیں، جس سے مذاکرات کی کامیابی پر سوالیہ نشان کھڑا ہوگیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے دعوے کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت جے ڈی وینس نہیں کریں گے۔ اے بی سی نیوز کے صحافی جوناتھن کارل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نے اشارہ دیا تھا کہ جے ڈی وینس اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی قیادت کریں گے۔
تاہم بعد میں ایک اور پوسٹ میں کارل نے انکشاف کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فون پر گفتگو کے دوران بتایا کہ جے ڈی وینس اسلام آباد کا دورہ نہیں کریں گے۔ صدر کے مطابق اتنے مختصر وقت میں 24 گھنٹوں کے اندر سیکرٹ سروس کے لیے سکیورٹی انتظامات ممکن نہیں تھے۔
اس سے قبل ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ امریکی وفد کل شام اسلام آباد پہنچے گا تاکہ ایران کے ساتھ مذاکرات کیے جا سکیں۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ایک ٹیلی وژن خطاب میں کہا کہ خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے، تاہم سفارتی کوششیں جاری ہیں اور ایران ہر ممکن اقدام کے لیے تیار ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








