واٹر بورڈکی مین لائن پر 3 بڑے ہائیڈرنٹس چلائے جانے کا انکشاف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

واٹر بورڈکی مین لائن پر 3 بڑے ہائیڈرنٹس چلائے جانے کا انکشاف
واٹر بورڈکی مین لائن پر 3 بڑے ہائیڈرنٹس چلائے جانے کا انکشاف

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: ادارہ فراہمی آب و نکاسی کی مین لائنوں پر تین بڑے ہائیڈرنٹس افسران اور سہراب گوٹھ اور سائٹ سپر ہائی وے پولیس کی ملی بھگت سے چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ہائیڈرنٹس چلانے سے متعلقہ علاقوں میں پانی کی شدید کمی پائی جارہی ہے، سائٹ سپر ہائی وے کی پولیس موبائل رات گئے اپنی نگرانی میں ٹینکروں کی فلنگ کراتی ہیں۔

واٹر بورڈ اینٹی تھیفٹ سیل اور سیکورٹی کے افسران نمائشی آپریشن کرکے مقدمات بھی درج نہیں کرا رہے، جبکہ دوسری جانب واٹر بورڈ کی مین لائنوں سے پانی چور مافیا پانی کی چوری کرکے ٹینکروں کے ذریعے سرعام فروخت کررہے ہیں،پولیس ملوث افسران کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کی نگرانی کرنے میں مصروف ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سائٹ سپر ہائی وے، ایوب گوٹھ، نور خان گوٹھ میں تین پانی چور بڑے پیمانے پر کام کررہے ہیں، جن میں  سہراب گوٹھ گلزار ہجری تھانے کی حدور میں ایوب گوٹھ میں پل کے قریب حاجی سلطان نامی پانی چور نے ایک بڑے پلاٹ کے اندر سے کے ٹو کی مین لائن کے ذریعے پانی چوری کا بڑا سیٹ اپ لگارکھا ہے۔جہاں سے ٹینکر زبھرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

حاجی سلطان کے ساتھ اس پلاٹ میں پانی کی چوری میں عبدالوحیدعرف وحید بھی شامل ہیں۔نور خان گوٹھ میں پانی چور مافیا کے لئے بڑے نیٹ ورک قائم ہیں، جس میں سب سے بڑا پانی کا نیٹ ورک ملک پرویز چلا رہا ہے جو خود کو پولیس افسر ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ملک پرویز کیساتھ اس کے سیٹ اپ میں عبدالواحد عرف وحید ولد عبدالوہاب،اجمل خان عرف اجمل آفریدی ولد قائم خان، سکندر،افضل خان ولد طالع من اور نیازشامل ہیں۔

نیاز ہر ہفتہ لانڈھی سے کالے رنگ کی ویگو گاری میں آکر اپناحصہ وصول کرتا ہے،ملک پرویز نے یہاں بڑے پلا ٹ کے اندر باقاعدہ فلنگ پوائنٹس قائم کر رکھے ہیں،جہاں سے بیک وقت 4ٹینکروں کی فلنگ ہوتی ہے۔

ملک پرویز خود اس جگہ پر پانی کے ٹینکروں کی نگرانی کرتے ہیں، اس سیٹ اپ کے علاوہ انہوں نے سڑک کے درمیان گرین بیلٹ کے نیچے گزرنے والی لائن سے براہ راست ٹینکروں کی فلنگ کا سیٹ اپ بھی لگا رکھاہے،جہاں باقاعدہ پولیس موبائل کی نگرانی میں چھوٹے ٹینکربھرے جاتے ہیں، روڈ کے دونوں اطرف بیک وقت ٹینکروں کی بھرائی کی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ سائٹ سپر ہائی ووے فیز ون کے اندر کے تھری کی مین لائن سے بڈا خان کے 10اور 12ہزار گیلن کے ہیوی ٹینکر رات کو پانی کی چوری کرتے ہیں، ہر رات 70سے 120ٹینکروں کے ذریعے بڈا خان اپنے ٹینکروں کے ذریعے پانی کی چوری کرتے ہیں۔مذکورہ تمام پانی چور رات گئے ٹینکروں کے ذریعے پانی کی چوری کرتے ہیں۔

مذکورہ لائن سے ہی پانی کی چوری کرنے والوں کے خلاف واٹر بورڈ کے چیف سیکورٹی آفیسر کرنل (ر)ضیا زیدی کے سیکورٹی اہلکار میجر(ر)مجید نے ایوب گوٹھ میں ملک آغامحمدی پیالہ ہوٹل کے قریب از خود ادھورا آپریشن کیا تھا جس کی وجہ سے پانی چور مافیا نے دوبارہ ہائیڈرنٹ چلانا شروع کردیا ہے۔

مذ کورہ لائن کے ایکسین عبدالواحد شیخ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مجھے معلوم نہیں ہے، میں معلوم کراتا ہوں اگر ایسا ہواتو اس ہائیڈرنٹ کو بھی مسمار کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایوب گوٹھ کے آپریشن کے بارے میں میری معلومات نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: واٹر بورڈ نے پانی چور مافیا کو بچانے کیلئے جعلی آپریشن کی تیاری کرلی

اس حوالے سے تھانہ سائٹ سپر ہائی وے امام بخش لاشاری نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ واٹر بورڈ نے چند روز قبل آپریشن کیا تھا جس کا ریکور کیا گیا سامان اب بھی تھانے میں موجود ہے اروکوئی افسر ایف آئی آر درج کرانے نہیں آیا ہے۔جبکہ میرے ایریا میں کوئی بھی ہائیڈرنٹ ہو گا تو میں اس کو ضرور مسمار کروں گا۔

Related Posts