قابض اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں کو آج بھی مسجدِ اقصیٰ میں نمازِ جمعہ ادا نہ کرنے دی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مسجدِ اقصیٰ کے اطراف اسرائیلی فورسز تعینات ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسجدِ اقصیٰ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے نمازیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو اسرائیلی حملوں کے بعد سے مسجدِ اقصیٰ میں نماز بالخصوص نمازِ جمعہ مشکل ہو گئی ہے، نمازیوں کو مسجد میں آنے سے روکنے کے لیے اسرائیلی فورسز نے سڑکیں بلاک کر دی ہیں۔
مغربی کنارے کے دیگر علاقوں میں بھی جگہ جگہ رکاوٹیں لگا دی گئی ہیں، وہاں بھی نمازیوں کو مشکلات کا سامنا ہے، گزشتہ چند ہفتوں سے فلسطینی مسجد اقصیٰ کے قریب جمع ہو کر سڑکوں پر نماز ادا کر رہے ہیں۔
فلسطینی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام نے مسلمانوں کے لیے مسجدِ اقصیٰ کے تمام دروازے عارضی طور پر بند کر دیے ہیں، تاہم یہودیوں کو اپنی عبادات کرنے کی مکمل اجازت دی ہوئی ہے۔