وفاقی حکومت نے اہم انتظامی اقدام کے تحت اسلام آباد کے ریڈ زون میں قائم سرکاری دفاتر کیلئے آج گھروں سے کام کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ورک فراہم ہوم کی پالیسی کے تحت ملازمین دارالحکومت کے حساس حصے میں واقع اداروں کی معمول کی دفتری سرگرمیاں گھروں سے جاری رکھیں گے۔
کابینہ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ریڈ زون کے اندر موجود تمام وزارتوں، ڈویژنز اور وفاقی اداروں کے ملازمین آج ریموٹ طریقے سے ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اس دوران ریڈ زون میں عام داخلہ محدود رہے گا تاکہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کیا جا سکے۔
سرکاری نوٹیفکیشن میں افسران اور سیکرٹریٹ اسٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اسٹیشن پر دستیاب رہیں اور ضرورت پڑنے پر مختصر وقت میں بھی دفتر پہنچنے کیلئے تیار ہوں۔ حکام نے زور دیا کہ انتظامی تقاضوں کے باعث فوری طلبی کی صورت میں عملہ تاخیر کے بغیر حاضر ہو سکے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی حالات اور انتظامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔ مقصد یہ بتایا گیا ہے کہ حساس علاقے میں غیر ضروری آمد و رفت کم کی جائے اور مجموعی نظم و نسق برقرار رکھا جا سکے۔
Public Notification:
Entry into Islamabad’s Red Zone will remain suspended on Monday, 20th April 2026.
All public and private offices and educational institutions located within the Red Zone are advised to adopt work-from-home arrangements to avoid any inconvenience, Thank you pic.twitter.com/WI8x78FigO— DC Islamabad (@dcislamabad) April 19, 2026
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے شہریوں کیلئے لائسنسنگ سہولیات سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 20 اپریل 2026 سے اگلے حکم تک کچھ پولیس خدمت مراکز میں لائسنسنگ خدمات معمول کے مطابق فراہم کی جائیں گی جبکہ بعض مقامات پر یہ سہولت عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوگی۔
پولیس کے مطابق ایف-6 پولیس خدمت مرکز، گلبرگ گرین پولیس خدمت مرکز اور کیس کیڈ ڈپلومیٹک انکلیو میں لائسنسنگ سے متعلق تمام خدمات جاری رہیں گی۔ اس کے برعکس فیض آباد ٹریفک ہیڈ کوارٹر سمیت دیگر چند مراکز میں اس نوعیت کی سرگرمیاں فی الحال معطل رکھی گئی ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لائسنسنگ خدمات کے حصول سے پہلے جاری کردہ ہدایات کا جائزہ لیں اور صرف اُن مراکز کا رخ کریں جہاں سہولیات دستیاب ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








