فواد چوہدری کیخلاف مقدمہ آئینی ادارے کی درخواست پردرج ہوا۔اسلام آباد پولیس

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ آئینی ادارے کی درخواست پر درج ہوا، جبکہ ملزم نے آئینی اداروں کے خلاف شر انگیزی کی کوشش کی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری نے عوام کے جذبات میں اشتعال پھیلانے کی کوشش کی۔ مقدمے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

مسافر سے 3 کروڑ کی غیر ملکی کرنسی اور سونا برآمد

ترجمان اسلام آباد پولیس نے بیان جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مقدمے کی درخواست دی تھی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر کو ڈرایا دھمکایا۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا کہ فواد چوہدری نے کمیشن ممبران کو فرائضِ منصبی سے روکنے کیلئے دھمکیاں دیں۔ آئینی اداروں کے خلاف شر انگیزی پیدا کرنے اور عوامی جذبات میں اشتعال پھیلانے کی کوشش کی۔

خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے خلاف درج مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے شام کے وقت جاری بیان میں الیکشن کمیشن حکام کو دھمکایا اور ان کے اہلِ خانہ کو بھی کارروائی کی دھمکیاں دیں۔