امریکی وفد 2 مراحل میں پاکستان آئیگا، ایرانی وفد بھی آج پہنچ سکتا ہے۔رپورٹ

تازہ ترین

تازہ ترین

مذاکرات
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: امریکی وفد 2مراحل میں پاکستان آئے گا جبکہ ایرانی وفد بھی آج پاکستان پہنچ سکتا ہے، وفاقی دارالحکومت میں دونوں ممالک سے وفود کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو جنگ بندی کیلئے بہت اچھی ڈیل آفر کی تھی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کے مطابق ایران کو ایک منصفانہ اور قابل قبول پیشکش کی گئی۔ سفارتی ذرائع کا حوالہ دیتی ہوئی ایک رپورٹ نے دعویٰ کیا کہ امریکی وفد 2 مراحل میں پاکستان پہنچے گا۔

میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ قوی امکان ہے کہ ایران کا مذاکراتی وفد بھی آج اسلام آباد پہنچے گا اور جلد دونوں ممالک کے وفود ایران جنگ کے خاتمے کے لیے جنگ بندی مذاکرات کریں گے۔ امریکی صدر ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ان کے نمائندے مذاکرات کیلئے اسلام آباد میں موجود ہوں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کے ریڈ زون میں قائم سرکاری دفاتر کیلئے آج گھروں سے کام کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ ورک فراہم ہوم کی پالیسی کے تحت ملازمین دارالحکومت کے حساس حصے میں واقع اداروں کی معمول کی دفتری سرگرمیاں گھروں سے جاری رکھیں گے۔

کابینہ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ ریڈ زون کے اندر موجود تمام وزارتوں، ڈویژنز اور وفاقی اداروں کے ملازمین آج ریموٹ طریقے سے ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اس دوران ریڈ زون میں عام داخلہ محدود رہے گا تاکہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کیا جا سکے۔

Related Posts