پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ صارفین کو قطر کے قریب زیرِ آب کیبل ٹرپل اے ون میں خرابی کے باعث گزشتہ دو ہفتوں سے خاص طور پر مصروف اوقات میں انٹرنیٹ کی سست رفتار کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سوشل میڈیا ایپس اور ویب براؤزنگ میں کئی صارفین کو دشواری کا سامنا ہے، جس کے باعث خدمات کی قابلِ بھروسا ہونے پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خلل کو کم کرنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا گیا ہے۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ انٹرنیٹ خدمات کو معمول پر رکھنے کے لیے اضافی بینڈوڈتھ کا انتظام کیا گیا ہے اور مجموعی طور پر سروس معمول کے مطابق چل رہی ہے تاہم زیادہ ٹریفک کے اوقات میں معمولی تاخیر کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔
یہ خرابی 2 جنوری 2025 کو قطر کے قریب دریافت ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے ایک عالمی کنسورشیم کی جانب سے زیرِ آب کیبل کی مرمت کے لیے کام جاری ہے۔ ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اگرچہ براؤزنگ کی رفتار میں کوئی بڑی تبدیلی متوقع نہیں، لیکن صارفین کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی میں کبھی کبھار تاخیر کا سامنا ہو سکتا ہے۔ مقامی حکام کی جانب سے ابھی تک بحالی کے لیے کوئی حتمی وقت فراہم نہیں کیا گیا۔