جامعہ بنوریہ میں بین الاقوامی مقابلہ حفظ و قرات، 74 ممالک، مختلف مکاتب فکر کے طلبہ کی شرکت

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

جامعہ بنوریہ عالمیہ میں اپنی نوعیت کا منفرد اور عالمی مسابقہ حفظ و قرات کا انعقادکیا گیا، جس کے پہلے اور دوسرے مرحلے کی سیلکشن میں 74ممالک سے مختلف مکاتب فکر کے تقریبا 300 قرا ء اور حفاظ نے حصہ لیا۔

جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مقابلہ حفظ  وقرات میں پاکستان ، جرمنی ، گنی بساؤ افریقہ، جاپان، سری لنکا، چین اور عمان سمیت 8 ممالک کے  40  طلبا فائنل مقابلے میں پہنچے، دس پاروں کے مقابلہ حفظ میں پہلی پوزیشن جاپان کے محمد علی، دوسری پوزیشن افریقی ملک گنی بساؤ کے عبداللہ یرو اور تیسری پوزیشن جرمنی کے اسید بن علی نے حاصل کی۔

قرأت سبعہ میں محمد شوکت، احمد الرحمن اور فیع اللہ جامعہ بنوریہ کے طلبا نے تینوں پوزیشنیں حاصل کیں۔ آل کراچی بین الحفاظ مقابلہ میں محمد حمزہ بنوریہ دارالقرآن نے پہلی، ابراہیم جامعہ فرقانیہ بدر چوک کراچی دوسری اور انیس الرحمن بنوریہ اکیڈمی نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

قرأت ثلاثہ میں عبداللہ بنوریہ نے پہلی پوزیشن،عنایت اللہ بنوریہ نے دوسری اور جامعہ بنوریہ ہی کے دانیا ل نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ جامعہ دارالعلوم الصفہ سعید آباد، تحفیظ القرآن فتحیہ گارڈن کراچی، جامعہ انوار القرآن گلشن، جامع القرآن عثمان بن عفان کراچی کے طلبا بھی دس بہترین حفاظ میں شامل رہے۔

مسابقے کی اختتامی تقریب میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مہتمم جامعہ بنوریہ مولانا نعمان نعیم نے کہاکہ آج امت کو قرآن مجید کے سائے تلے جمع ہونے کی ضرورت ہے، مجھے خوشی ہے کہ آج کے عالمی مسابقے میں غیر ملکی طلبا کے ساتھ ساتھ مقامی طلبا بھی شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مسابقے کی انفرادیت یہ ہے کہ اس میں بریلوی اور اہل حدیث مکتب فکر کے مدارس کے طلبا بھی شریک ہوئے اور یہی وہ پیغام اتحاد و ہم آہنگی ہے جس کیلئے حضرت والد صاحب مفتی نعیم رحمہ اللہ نے ساری زندگی کوششیں کیں، ہم ان کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

مولانا نعمان نعیم نے کہا کہ قرآن مجید کی تعلیمات پر عمل اور اتفاق و اتحاد ہی ملک وملت کہ ترقی کا ضامن ہے، ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں والد محترم مفتی محمد نعیم نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

رکن اسلامی نظریاتی کونسل و جامعہ دارالعلوم الصفہ کے نائب رئیس مفتی محمد زبیر نے کہاکہ مسابقات قرآنیہ کا انعقاد جامعہ بنوریہ کا طرہ امتیاز ہے ، پوری دنیا میں بنوریہ کے فضلا کی خدمات دیکھ کر دلی خوشی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج پھر سویڈن میں قرآن مجیدکی توہین کی گئی ہے اور آئے روزایسی جسارتیں کی جارہی ہیں، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور دنیا سے اس فتنے کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اس موقع پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے  نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم، معروف مذہبی اسکالر مفتی فضل سبحان، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ناظم تعلیمات وشیخ الحدیث مولانا عبدالحمید غوری، شعبہ دارالقرآن بنوریہ کے نگران قاری عبدالمنان، جامعہ سراج العلوم مانسہرہ کے مہتمم معروف عالم دین مولانا سیدشاہ عبدالقادر، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے اساتذہ اور شہر بھر سے آئے ہوئے مدارس منتظمین بھی موجود تھے۔

تقریب کے اختتام پر شعبہ دارالقرآن جامعہ بنوریہ کے اساتذہ کو حسن کارکردگی ایوارڈز اور مسابقوں میں کامیاب طلبا کو 7 لاکھ سے زائد روپے کے انعامات سے نوازا گیا۔

Related Posts