خوشیوں کا بازار، انڈس اسپتال کی جانب سے بچوں کے لئے مفت عید شاپنگ کا انعقاد

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Indus Hospital's Khusiyon ka Bazaar gave children the real joy of Eid

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

عید کا مطلب خوشیاں ہے اور عید کا تہوار جب بھی ہماری زندگیوں میں آتا ہے تو ہمیں بے پناہ خوشیاں دیکر جاتا ہےاور اگر ہم اپنے خوشیوں میں دوسروں کو بھی شریک کرتے ہیں تو عید کا حقیقی مقصد بھی پورا ہوجاتا ہے اور انسان کو قلبی سکون محسوس ہوتا ہے۔

کراچی میں انڈس اسپتال اپنی طبی خدمات کی وجہ سے کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے، یہاں بہترین طبی سہولیات ہر خاص وعام کو بلامعاوضہ فراہم کی جاتی ہیں اورسب سے دلچسپ بات تو یہ ہے کہ یہاں عید کے موقع پر ہر سال مریض بچوں میں ڈھیروں تحائف تقسیم کئے جاتے ہیں تاہم امسال عید سے قبل انڈس اسپتال نے خوشیوں کا بازار کے نام سے بچوں کیلئے عید بازار کا انعقاد کیا جس میں اسپتال میں داخل اور باہر سے آنیوالے مریض بچوں کو کپڑے، جوتے اور کھلونے دیئے گئے جنہیں پاکر بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔

انڈس اسپتال میں خوشیوں کا بازار کے حوالے سے انڈس اسپتال کی چائلڈ لائف کونسلر مدیحہ مصطفیٰ نے بتایا کہ یہاں ہرسال بچوں میں عید کے کپڑوں اور تحائف کی تقسیم ہوتی تھی لیکن اس بار ہم نے باقاعدہ عید بازار کا اہتمام کیا ہے۔

Khusiyon ka Bazaar

انہوں نے بتایا کہ عید بازار میں باقاعدہ اسٹالز لگائے گئے ہیں بچوں کو کپڑوں اور جوتوں کے ساتھ ساتھ ضروریات زندگی کی تمام اشیاء مفت فراہم کی جارہی ہیں اور بچے جوق در جوق یہاں آرہے ہیں اور اپنی من پسند اشیاء یہاں سے لے رہے ہیں۔

مدیحہ مصطفیٰ نے بتایا کہ ہم نے ایک ہزار بچوں کیلئے اشیاء کا انتظام کیا ہے، یہاں لڑکیوں کیلئے چوڑیاں،جیولری اور دیگر سامان بھی موجود ہے جو بالکل مفت ہے اور لڑکوں کیلئے گھڑیاں، چشمے اور دیگرسامان بھی موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں داخل یا بیمار بچے اکثر عید کے موقع پر شاپنگ سے محروم رہ جاتے ہیں اور بعض والدین مالی مسائل کی وجہ سے بھی اپنے بچوں کو عید پر نئے کپڑے دلوانے سے قاصر ہوتے ہیں تو ان کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے اور ہم کوشش کررہے ہیں کہ بچوں کی شاپنگ کی خواہش کو ضرور پورا کیا جائے۔

مدیحہ مصطفیٰ نے بتایا کہ یہاں تمام اشیاء معیاری ہیں اور ہم خود یہ سامان خرید کرلاتے ہیں اور خود پیک کرکے اسٹالز پر رکھتے ہیں، بعض اوقات مخیر حضرات بھی اس میں تعاون کرتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر ہم سب کو مفلس اور نادار لوگوں کو ضرور یاد رکھنا چاہیے اور مستحقین کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔

Khusiyon ka Bazaar

عید بازار میں شاپنگ کرنے والے بچوں کاکہنا تھا کہ ہم بہت خوش ہیں، ہم نے یہاں سے کپڑے لئے ہیں، چشمے اور پرس بھی ملے ہیں، عید بازار میں اپنی پسند کی اشیاء مفت ملنے پر بچوں اور والدین کی خوشی بھی دیدنی تھی۔

Related Posts