بھارت کا کشمیر پر غاصبانہ قبضہ خطے میں تنازعات کا باعث ہے۔شہریارآفریدی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد:  وفاقی وزیر برائے انسدادِ منشیات و سیفرون شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ خطے میں تنازعات کا باعث ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارت کا کشمیر پر غاصبانہ قبضہ خطے میں جنگوں اور سرحدی تنازعات کا بڑا سبب ہے جبکہ اقوامِ متحدہ یہ مسئلہ حل کرنے میں ناکام رہی۔

وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی 18 قراردادوں کے مطابق مسئلۂ کشمیر کے حل میں ناکامی نے پاکستان کو بھارت کی طرز پر ایٹمی طاقت بننے پر مجبور کیا۔ امن کیلئے اقوامِ متحدہ کو چاہئے کہ استصوابِ رائے کیلئے کردار ادا کرے۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سیفرون و انسدادِ منشیات شہریار خان آفریدی نے کہا کہ ہمسایہ ملک بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظلوم عوام پر ظلم و ستم ڈھاتے ہوئے وادی میں جنگی جرائم کی آگ بھڑکا رہا ہے۔

 ٹوئٹر پر7 روز قبل اپنے پیغام میں وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جعلی حملوں سے بھارت جنگی جرائم کے ارتکاب میں ملوث ہے جس میں ماورائے عدالت قتل اور کشمیریوں کی جائیدادوں کو تباہ کرنا بھی شامل ہے۔