بھارتی ہسپتال کی بدنامِ زمانہ انڈر ورلڈ ڈان کے انتقال کی تردید، چھوٹا راجن زندہ نکلا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

نئی دہلی: بھارتی ہسپتال نے بدنامِ زمانہ انڈر ورلڈ ڈان کے انتقال سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹا راجن زندہ ہے، وفات کے بارے میں شائع یا نشر کی گئی خبریں بے بنیاد ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کا بدنامِ زمانہ جرائم پیشہ ڈان راجندرا نکلجے جسے عرفِ عام میں چھوٹا راجن کہا جاتا ہے، زندہ ہے۔ نئی دہلی میں چھوٹے ڈان کو 26 اپریل کے روز کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے پر ہسپتال داخل کرایا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چھوٹا راجن کورونا میں مبتلا ہو کر جان کی بازی ہار گیا تھا، تاہم ہسپتال نے میڈیا کے دعوے کی تردید کردی ہے۔ ڈان کے انتقال کی خبر بھارت میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کی تردید سے شہر شہر کھلبلی مچ گئی۔

ایک بھارتی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ چھوٹا راجن تاحال زندہ ہے جس کا کورونا وائرس کا علاج ایمز ہسپتال میں جاری ہے۔ سن 2015ء میں چھوٹا راجن کو انڈونیشیاء کے شہر بالی سے ملک بدر کیے جانے کے بعد بھارت میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

انڈر ورلڈ ڈان چھوٹا راجن پر الزام تھا کہ اس نے 2011ء میں جے دے نامی ایک صحافی کا قتل کیا ہے جس پر عدالت نے اسے عمر قید کی سزا سنا دی۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے (سی بی آئی) کی چھوٹا راجن کے خلاف 68 کیسز میں تحقیقات جاری ہیں۔

 چھوٹا راجن پر بھارتی تحقیقاتی ادارے کے زیرِ تفتیش 68 کیسز میں اغواء برائے تاوان اور اقدامِ قتل کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے بھی الزامات عائد ہیں۔ انڈر ورلڈ ڈان پر ممبئی بم حملوں کے ملزم حنیف کے قتل میں معاونت کا الزام بھی عائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یروشلم میں اسرائیلی پولیس کا مسجدِ اقصیٰ پر حملہ، درجنوں فلسطینی زخمی