بھارتی ٹیلی ویژن اسٹار دیویانکا ترپاٹھی نے حال ہی میں ایک دھوکہ دہی کا انکشاف کیا ہے، جس میں ان کے قابلِ بھروسہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ نے 12 لاکھ روپے ہڑپ کر لیے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دیویانکا نے بتایا کہ اپنے مصروف شیڈول کے باعث وہ مالی معاملات دیکھنے کے لیے وقت نہیں نکال پاتی تھیں اور اپنے سی اے پر مکمل اعتماد کرتی تھیں، جو دو سال سے ان کے مالی معاملات دیکھ رہا تھا۔ سی اے نے انہیں سرمایہ کاری کے لیے فکسڈ ڈپازٹس کا مشورہ دیا اور اس مقصد کے لیے چار چیک سائن کروائے۔
دیویانکا کو بعد میں معلوم ہوا کہ ان کا اکاؤنٹنٹ نہ صرف غائب ہو چکا ہے بلکہ 12 لاکھ روپے بھی لے کر رفوچکر ہو گیا۔ جب انہوں نے پیسہ واپس لینے کی کوشش کی، تو چار میں سے تین چیک باؤنس ہو گئے، جس کے نتیجے میں انہیں 9 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
کراچی میں سلمان خان کے خاندانی تعلقات کے دعوے نے سب کو حیران کردیا
دیویانکا نے مزید بتایا کہ انہوں نے قانونی چارہ جوئی کی کوشش بھی کی، مگر بدقسمتی سے ان کا وکیل بھی ناقابلِ اعتبار نکلا۔ ان کے تمام کیس فائلز غائب ہوگئیں، جس کے بعد انہیں یہ جدوجہد چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔
اداکارہ نے کہا کہ یہ واقعہ ان کے لیے بڑا سبق ثابت ہوا ہے، اور اب وہ اپنے مالی اور قانونی معاملات میں بہت زیادہ احتیاط کرتی ہیں۔ انہوں نے مداحوں کو بھی مشورہ دیا کہ کسی پر آنکھ بند کر کے اعتماد نہ کریں اور مالی معاملات میں خود سے شمولیت اختیار کریں۔