بھارت نے پاکستان سے آکسیجن درآمد کرنے کی درخواست مسترد کردی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

نئی دہلی:ہندوستانی پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ مودی کی زیرقیادت وفاقی حکومت نے پڑوسی ملک پاکستان سے مائع میڈیکل آکسیجن (ایل ایم او) درآمد کرنے کی صوبے کی درخواست کو مسترد کردیا۔

حالانکہ ملک میں کورونا وائرس سے ریکارڈ اموات کے پیش نظر آکسیجن کی شدید قلت کا سامنا ہے۔امریندر سنگھ نے گزشتہ ہفتے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کہا تھا کہ وہ فوری طور پر 50 میٹرک ٹن آکسیجن مختص کرنے کے ساتھ ساتھ بوکارو سے صوبے تک آکسیجن کی ترسیل کا بھی بندوبست کریں۔

گزشتہ ہفتے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں پنجاب حکومت نے کہا تھا کہ بڑھتے ہوئے کیسز کے بوجھ کے باوجود وزیر اعلیٰ پنجاب آکسیجن کی دستیابی میں رکاوٹوں کی وجہ سے لیول ٹو اور لیول تھری بستروں کی تعداد میں اضافہ نہیں کرسکے۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ صوبے کو آکسیجن کا مختص کوٹہ نہیں مل رہا ہے۔امریندر سنگھ نے نشاندہی کی کہ بھارتی حکومت نے پنجاب کو واہگہ-اٹاری بارڈر کے ذریعے پاکستان سے ایل ایم او کی تجارتی درآمد کرنے کی اجازت دینے سے بھی انکار کردیا ہے۔

ہندوستانی ادارے کے مطابق وزارت خارجہ نے پنجاب حکومت کے اس دعوے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا کہ پاکستان سے آکسیجن درآمد کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی۔

پریس ریلیز میں کہا تھا کہ اس یقین دہانی کے باوجود کہ متبادل ذرائع سے ہمیں مناسب فراہمی یقینی بنائی جائے گی، مجھے یہ بتاتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ ایسا نہیں ہوا۔