کراچی: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے باغ جناح میں پنڈال سجایا گیا، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے 11 سو ارب کے پیکیج کا اعلان کیا گیا لیکن آج تک عمران نیازی نے چند ٹکوں کے سوا سندھ کے عوام کو کچھ نہ دیا۔
جلسہ گاہ میں اسٹیج پر مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف، ساجد میر، ڈاکٹر عبدالمالک، جہانزیب جمالدینی، اویس نورانی اور دیگر موجود ہیں۔ جلسے میں شرکت کے لیے شہر کے مختلف علاقوں سمیت سندھ اور بلوچستان سے لوگ پہنچے ہیں۔
شہباز شریف کا اپنے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ اس حکومت کو دفن کرنے کے لیے لاکھوں لوگ لے کر اسلام آباد جائیں گے۔ جھوٹے وعدوں پر عوام کو ٹرخایا جارہا ہے۔بدترین مہنگائی کے باعث عوام کو دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہوچکا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے سندھ کے عوام سے جھوٹے وعدے کیے، عمران خان دن رات جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں، کراچی میں بوری بند لاشیں ملتی تھیں اور لوگوں کو بھتے کی پرچیاں دی جاتی تھیں لیکن اب بھتہ خوری کا خاتمہ ہوچکا ہے مسلم لیگ (ن) نے حکمت عملی کے ذریعے کراچی میں امن و امان بحال کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کراچی نے ایک ماں کی مانند پورے ملک بھر کے لوگوں کو اپنی گود میں سما رکھا ہے چاہے وہ پنجاب، بلوچستان، گلگت، کشمیر یا ملک کے کسی بھی علاقے سے آیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی کے خلاف عوام کے طوفان کو اسلام آباد لے کر جانا ہوگا اور حکمرانوں کو خس و خاشاک کی طرح بہانا ہوگا، اس کرپٹ حکومت کو سیاسی طور پر دفن کرنے کے لیے فضل الرحمان کی قیادت میں لاکھوں لوگوں کا سمندر لے کر اسلام آباد ضرور جائیں گے۔
مزید پڑھیں: ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے، بلاول بھٹو زرداری