دورہ انگلینڈ کے ساتھ کرکٹ میں واپسی کا شدت سے انتظار ہے، عماد وسیم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا ہے کہ وہ اس سال دورہ انگلینڈ کے ساتھ کرکٹ میں واپسی کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔یہ کافی اہم سیریز ہے جس سے کرکٹرز کو اپنی روٹین کی زندگی میں واپسی کا موقع ملے گا۔

عمادوسیم کا کہنا تھا کہ صرف کرکٹ ہی نہیں، ہر کھیل سے وابستہ کھلاڑی اپنے اپنے اسپورٹس کے ایکشن میں واپسی کو بے تاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیل سے دوری کو کافی وقت ہوگیا اور اب ہر کوئی چاہتا ہے کہ جلد از جلد معمولات بحال ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میری بھی خواہش ہے کہ کرکٹ کے ایکشن میں جلد واپس آؤں اور اپنی پرفارمنس سے شائقین کو متاثر کروں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو مجوزہ شیڈول کے مطابق اگست سے انگلینڈ میں اسے 3 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز کھیلنا ہیں اور عماد وسیم وائٹ بال ٹیم کے ریگولر ممبر ہونے کی وجہ سے 25 رکنی اسکواڈ کا یقینی حصہ بھی ہوں گے۔

نوجوان کرکٹرکا کہنا تھا کہ انگلینڈ کا دورہ کرکٹ اور کرکٹرز کیلئے کافی اہم ہے، اس دورے کے ساتھ کرکٹ کی روٹین کی بحالی کی جانب بڑھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کرکٹ بند دروازے کے پیچھے تماشائیوں کے بغیر ہو یا تماشائیوں کے سامنے، اِس وقت کھلاڑی کرکٹ کی واپسی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی بحالی کے بعد پلیئرز کو آئی سی سی کی حفظان صحت کی گائیڈ لائنز پر بھی عمل کرنا ہوگا،جس میں ایک گائیڈ لائن یہ بھی ہے کہ کھلاڑی گیند کو چمکانے کیلئے اپنا تھوک استعمال نہیں کرسکیں گے۔عماد وسیم کے مطابق کھلاڑیوں کیلئے آسان نہیں ہوگا کیوں کہ وہ اس عمل کے عادی ہیں لیکن اب نئی گائیڈ لائن پر عمل کرنا ضروری ہے۔