Friday, March 29, 2024

امت کا عروج تعلیم کے حصول میں ہے، ڈاکٹر حسین محی الدین

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دین اسلام نے حصول علم کو بہترین عمل قرار دیا ہے۔ قرآن کریم نے پڑھنے اور علم حاصل کرنے سے اپنے کلام کا آغاز کیا ہے۔ علم انسان کو سعادت اور کامیابیوں کا راستہ بتاتا ہے۔

دین اسلام نے علم کے حصول کو تمام مسلمانوں پر فرض قرار دیا ہے۔ محسن انسانیت حضور نبی اکرم  ﷺ کا فرمان ہے کہ ”جو حصول علم کیلئے کہیں کا سفر کرے اللہ تعالیٰ اس کیلئے جنت کا راستہ آسان فرمائے گا“۔

یہ بھی پڑھیں:

آٹھ سال سے کھیتران کی جیل میں قید تھی، گراں ناز بی بی

غار حرا میں حضور نبی اکرم  ﷺ پر سب سے پہلے جو پانچ آیتیں نازل ہوئیں وہ حصول علم کے ذرائع پر ہی مشتمل ہیں۔ آج بھی اگر امت مسلمہ حصول علم میں سرگرداں اور کوشاں ہو جائے تو یقینا عروج و اقبال ہمارے نصیب میں آ جائے گا۔

ہم ایک بار پھر دنیا کے امام و قائد ثابت ہوں گے۔ حصول علم، صبر و تحمل اور ایثار و قربانی چاہتا ہے۔ علم حاصل کرنیوالوں میں محنت و مشق کے برداشت کرنے کا جذبہ اور اس راہ میں آنیوالے مصائب پر صبر کرنے کا حوصلہ ہونا چاہئیے۔ تعلیم کا بنیادی مقصد اخلاق و کردار کی تعمیر ہے۔ علم اور عمل دونوں لازم و ملزوم ہیں۔ علم پر جتنا عمل کیا جائے اس میں اتنی ہی زیادہ خیر و برکت ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 72ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں مقررین نے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی فروغ علم و امن، بین المسالک و بین المذاہب رواداری کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کرنل(ر) احمد اور ڈائریکٹر ایم ای ایس ڈاکٹر علی وقار نے استقبالیہ کلمات میں اساتذہ اور طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ عبید، اشرف بھٹی، فاروق اعوان و دیگر طلبہ نے ملی نغمہ پیش کیا۔ تقریب میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے عہدیداران، ماہرین تعلیم نے بھی شرکت کی۔

ارشاد طاہر، ظہور الٰہی، شبیر دیو اور واجد علی خان سمیت دیگر ماہرین تعلیم نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی علمی و فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔