شادی کی سالگرہ پر انوکھا تحفہ، شوہر نے بیوی کو چاند کی 3 ایکڑ زمین گفٹ کردی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

شادی کی سالگرہ ہو یا اسی طرح کا کوئی اور موقع، بے شمار شوہر اپنی بیویوں کو انوکھا تحفہ دینے کا وعدہ کرتے ہیں، تاہم بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک شوہر نے اپنی بیوی کو منفرد تحفہ دینے کے چکر میں ہر حد پار کرتے ہوئے چاند کی 3 ایکڑ زمین گفٹ کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے تاریخی شہر اجمیر سے تعلق رکھنے والے ہندو شہری دھرمندر انیجا نے چاند پر واقع 3 ایکڑ زمین اپنی بیوی کو شادی کی 8ویں سالگرہ کے موقعے پر تحفے میں دے دی۔

عالمی میڈیا کو دئیے گئے بیان میں دھرمندر انیجا نے کہا کہ میں اپنی بیوی کو شادی کی سالگرہ پر خاص تحفہ دینا چاہتا تھا۔ ہر سال ہم اپنی شادی کی سالگرہ 24 دسمبر کے روز مناتے ہیں، تاہم اِس بار میں بیگم کیلئے کچھ خاص کرنا چاہتا تھا۔

دیگر شوہروں کا ذکر کرتے ہوئے دھرمندر انیجا نے کہا کہ بعض لوگ اپنی بیویوں کو اس موقعے پر گاڑیاں اور زیورات تحفے میں دیتے ہیں لیکن میں کچھ الگ کرنا چاہتا تھا۔ اس لیے میں نے اپنی شریکِ حیات کیلئے چاند کی زمین خرید لی۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران دھرمندر نے کہا کہ میں نے چاند پر زمین لونا سوسائٹی انٹرنیشنل کے ذریعے خریدی جو امریکی شہر نیو یارک کی ایک کمپنی ہے جبکہ زمین کی خریداری کیلئے طریقہ کار پورا کرتے کرتے تقریباً ایک سال لگ گیا۔

دھرمندر انیجا نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ میں چاند پر اپنی بیوی کیلئے زمین خریدنے والا راجستھان کا پہلا شوہر ہوں۔ اس موقعے پر دھرمندر کی بیوی سپنا انیجا بھی بے حد خوش نظر آرہی تھیں۔

سپنا انیجا نے زمین تحفہ کرنے کے موقعے پر منعقدہ تقریب کے دوران کہا کہ میں نے اپنے شوہر سے کبھی ایسی توقع نہیں کی تھی کہ وہ مجھے دنیا کا منفرد ترین تحفہ دیں گے۔ مجھے بے انتہا خوشی ہوئی ہے۔ مجھے آج کی تقریب کے دوران ہی محسوس ہورہا ہے جیسے ہم چاند پر پہنچ گئے ہیں۔

یہ کوئی پہلا موقع نہیں جب کسی نے چاند پر زمین خریدی ہو کیونکہ نیراج کمار نامی ایک شخص بھی پہلے چاند پر زمین خرید چکا ہے جو کچھ ماہ قبل اس نے اپنی سالگرہ کے موقعے پر خریدی جبکہ یہ بھارتی شہری بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اور آنجہانی سشانت سنگھ راجپوت سے کافی متاثر تھا۔ 

یہ بھی پڑھیں: دنیا پاکستان کیخلاف بھارت کا منفی پروپیگنڈا مسترد کررہی ہے