کراچی میں پانی کے حصول کیلئے فسادات کاخدشہ ہے، حنید لاکھانی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی :پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں بھی کراچی کی عوام پینے کے پانی کو ترس رہی ہے۔

پانی کے حصول کے لئے شہر میں فسادات ہونے کا بھی خدشہ ہے ،سندھ حکومت وفاقی منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے ہم ملکر چلنا چاہتے ہیں لیکن سندھ حکومت عوام کی خدمت کے نام سے دور بھاگتی ہے ۔

کراچی کو اگر صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر چھوڑا تو یہ اسے نوچ نوچ کر کھا جائے گی، سندھ حکومت ساتھ دے یا نہ دے ہم اپنی ذمہ داری پوری کریں گے، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حنید لاکھانی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔

حنید لاکھانی نے کہا کہ کے فور منصوبہ جلد مکمل ہونا چاہیے، یہ منصوبہ پہلے ہی مختلف وجوہات کی وجہ سے 13سالوں سے زیر التواء ہے اور اس کی وجہ سے کراچی کی بڑی آبادی کو پانی جیسی اہم ترین بنیادی ضرورت کے حصول کے لیئے پریشانی کا سامنا ہے جبکہ اس پر لاگت کا تخمینہ بھی 15ارب سے بڑھ کر 75ارب تک بڑھ چکا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے تو اس منصوبے کا ذمہ اب لیا ہے جو لوگ تین دہائیوں سے صوبے میں حکومت کر رہے ہیں انہوں نے اس منصوبے پر کیا کیاہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری زیر زمین پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جو نمکین اور کھاراہے کراچی کو اسوقت ایک ارب دوس کروڑ گیلن یومیہ پانی کی ضرورت ہے مگر فی الوقت ضرورت کا صرف 45فیصد پانی ہی شہریوں کو مل پاتا ہے۔

حکومت سے کہوں گا کہ کے فور منصوبے میں مزید تاخیر نہ کی جائے، شہر میں پانی کی قلت سے فسادات کا خطرہ بھی سر اٹھا سکتا ہے، کے فور منصوبے کے التواء کا شکار ہونے کا نقصان شہر ی اٹھا رہے ہیں ،سندھ حکومت کی نا اہلی کیوجہ سے کراچی کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:سندھ حکومت نے اپوزیشن لیڈر کو عدالتوں کے چکر میں لگایا ہوا ہے ،حلیم عادل شیخ

ماہ مبارک میں بھی لوگوں کو پانی کے لئے گھنٹوں لائن میں لگ کر پانی بھرنا پڑتا ہے، شہریوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

کراچی میٹروپولیٹن سٹی ہے اوراس کے باسی دورجدید میں بھی پانی کے لئے ترس رہے ہیں جوکہ ایک لمحہ فکریہ ہے اگر یہی حالات رہے تو مستقبل میں پانی کے حصول کے لئے شہر میں فسادات ہونے کا بھی خدشہ ہے ۔