کراچی میں بے گھر ہونے والے متاثرین کا دکھ دیکھا نہیں جاتا، حنید لاکھانی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی :پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے غریب کا گزارا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے، لوگوں کے مکانات گرانے سے ان غریبوں کی غربت میں مزید اضافہ ہوگا یہ غریب لوگ اب سڑکوں پر آ چکے ہیں،بے گھر ہونے والے متاثرین کا دکھ دیکھا نہیں جاتا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل ہے کہ غریبوں کے مکانات کو مسمار کرنے سے قبل سندھ حکومت کو متبادل جگہ دینے کا پابند بنایاجائے اور ایسے اقدامات کیے جائیں کہ تجاوزات کا سلسلہ مکمل طور پر بند ہوسکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔

حنید لاکھانی نے کہا کہ سندھ حکومت کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اس وقت بے گھرافراد کے دلوں پر کیا گزر رہی ہوگی کسی بھی ریاست کو اس حق کو غصب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

حکومت سندھ کا غریبوں کے ساتھ بے رحمانہ سلوک کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سے ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوسکتے ہیں اورنگی اور گجر نالے کو بڑا کرنے کے لئے اطراف کی بستیوں کو گرایا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا تجاوزات آپریشن کے متاثرین کو متبادل پلاٹ دینے کا فیصلہ

گجر نالے اور اورنگی نالے کے اوپر بسنے والے بے گھر ہونے سے پہلے کسی نہ کسی طرح کے متبادل انتظامات کے منتظر ہیں جبکہ ریلوے لائن متاثرین ابھی تک بے گھر ہیں اور معاوضے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی تجاوزات کے پیچھے کرپٹ سیاستدان، وزیراور سرکاری نوکروں کا کردار سب سے اہم ہے، ایک طاقتور مافیا ہے جو کراچی میں تجاوزات قائم کرتا ہے اور غریبوں کی جمع پونجی ہتھیا لیتا ہے ظلم کی انتہا تو یہ ہے کہ جو لوگ اس تجاوزات کے قائم ہونے اور آبادیوں کو آباد کرنے کے ذمہ دار اور مرکزی کردار ہیں ان کو کوئی نہیں پوچھتا اور غریب تباہ و برباد ہوجاتا ہے۔