پٹرول کی قیمتوں کے تعین کا نیا نظام کیسے کام کرے گا، جانئے

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر حکومت پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے نیا یومیہ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کی جائیں گی۔

حکومت نے اس نئے نظام کو ابتدائی طور پر 9 ماہ کی آزمائشی مدت کے لیے نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے دوران مارکیٹ کی کارکردگی، سپلائی چین، صارفین پر اثرات اور قیمتوں کے استحکام کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے بعد مستقل نفاذ سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

پاکستان میں پٹرول کی قیمت روزانہ کیسے طے ہوگی؟

وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین براہِ راست بین الاقوامی خام تیل کی قیمت، پلیٹس عرب گلف (Platts Arab Gulf) اسیسمنٹ اور حقیقی درآمدی لاگت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

اس نظام کا مقصد یہ ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا اثر پاکستانی صارفین تک جلد منتقل ہو سکے۔

درآمدی پریمیم کا نیا فارمولا

نوٹیفکیشن کے مطابق اگر پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) گزشتہ سات ورکنگ ڈیز کے دوران نئی پیٹرولیم کھیپ درآمد کرتا ہے تو اسی کھیپ کا اصل درآمدی پریمیم اور متعلقہ اخراجات نئی قیمت میں شامل کیے جائیں گے۔

اگر سات دن کے دوران کوئی نیا کارگو درآمد نہ ہو تو یکم جنوری سے اب تک ریکارڈ کیے گئے اوسط درآمدی پریمیم کو قیمتوں کے تعین کے لیے استعمال کیا جائے گا تاکہ غیر ضروری اتار چڑھاؤ سے بچا جا سکے۔

ہفتے اور اتوار کو قیمتیں تبدیل ہوں گی؟

حکومت کے مطابق نئی پالیسی کے تحت پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان صرف پیر سے جمعہ تک کیا جائے گا، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی تاکہ اختتامِ ہفتہ کے دوران مارکیٹ میں استحکام برقرار رہے۔

پہلے قیمتوں کا نظام کیا تھا؟

پاکستان میں ماضی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین سالانہ بجٹ کے ذریعے کیا جاتا تھا۔ بعد ازاں ماہانہ بنیادوں پر قیمتیں مقرر ہونے لگیں، پھر ہر 15 روز بعد نرخوں کا اعلان کیا جانے لگا۔

رواں برس ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے بعد حکومت نے ہفتہ وار قیمتوں کا نظام اپنایا، جبکہ اب عالمی حالات کے باعث یومیہ قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ کار متعارف کرایا جا رہا ہے۔

عوام پر کیا اثر پڑے گا؟

نئے نظام کے تحت عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے کی صورت میں عوام کو جلد ریلیف ملنے کا امکان ہوگا، جبکہ عالمی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں پٹرول اور ڈیزل بھی نسبتاً تیزی سے مہنگے ہو سکتے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس طریقہ کار سے قیمتوں کا تعین زیادہ شفاف اور عالمی مارکیٹ کے مطابق ہوگا۔

Related Posts