ملک میں شدید بارشیں، وزیراعظم کی این ڈی ایم اے کو ہنگامی انتظامات کی ہدایات

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کے پیش نظر سیلابی صورتحال سے عوام کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے صوبائی حکومتوں اور این ڈی ایم اے کو ہدایات جاری کردی گئیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کے تحفظ اور نقصانات سے حتی الامکان بچاؤ کے لئے بھرپور کوششیں اور وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ بارشی وسیلابی پانی کے نکاس کے لئے مطلوبہ مشینری اور عملہ متعلقہ مقامات پر پہنچایا جائے، سپرے کروایا جائے تاکہ وباؤں کو روکا جاسکے۔متاثرہ عوام کو عارضی پناہ گاہوں اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ ہنگامی طبی امداد اور وبائی امراض سے بچاؤ کے لئے میڈیکل ٹیموں کو متحرک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں اموات پر بہت دکھ ہے، متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔ این ڈی ایم اے کراچی اور سندھ میں عوام کے تحفظ، ریسکیو اور ریلیف میں صوبائی حکومت اور اداروں کی معاونت کرے،سیلابی صورتحال میں کرنٹ لگنے جیسے واقعات کے تدارک کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔

مزید پڑھیں:کراچی میں رات بھر بارش، سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل،3افراد جاں بحق

وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو صوبائی حکومتوں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ اشتراک عمل کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وفاق کی جانب سے صوبائی حکومتوں اور اداروں کی بھرپور مدد کی جائے،خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔