محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے جنوبی اضلاع کے لیے 25 مئی سے شدید گرمی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ بحیرہ عرب میں بننے والے کم دباؤ کے نظام کے باعث درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات انجم رضوی کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
موسم کی موجودہ صورتحال کے باعث گرمی کی شدت تین سے چار ڈگری زیادہ محسوس ہوگی۔ شہریوں کو سخت گرمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ موسمی نظام سندھ کے جنوبی علاقوں خصوصاً کراچی کو متاثر کرے گا جس سے نہ صرف درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا بلکہ گرمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ جائے گا تاہم فی الحال کراچی کے ساحلی علاقوں پر اس سسٹم کا براہ راست اثر متوقع نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے وقتاً فوقتاً تازہ اطلاعات فراہم کی جائیں گی۔